سی ایم ایچ مظفرآباد میں جدید طبی سہولیات کا دائرہ وسیع، مدر اینڈ چائلڈ کیئر سنٹر، ایم آر آئی اور مختلف شعبہ جات اپ گریڈ
سی ایم ایچ مظفرآباد میں جدید طبی سہولیات کا دائرہ وسیع، مدر اینڈ چائلڈ کیئر سنٹر، ایم آر آئی اور مختلف شعبہ جات اپ گریڈ

مزید خبریں
مظفرآباد۔ 27 اگست (اے پی پی):کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) مظفرآباد میں شہریوں کو جدید، معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اہم اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ہسپتال میں مدر اینڈ چائلڈ کیئر سنٹر کی جدید عمارت تیار کر دی گئی ہے، جبکہ آئی سی یو، آفیسر وارڈ، لیبارٹری اور دیگر شعبہ جات کی اپ گریڈیشن اور بہتری کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔ شہریوں کے لیے ایم آر آئی کی جدید سہولت کی فراہمی بھی ہسپتال کی طبی سہولیات میں ایک اہم اضافہ قرار دی جا رہی ہے۔
سی ایم ایچ مظفرآباد میں ایم آر آئی کی سہولت دستیاب ہونے سے مختلف پیچیدہ اور سنگین امراض کی تشخیص مقامی سطح پر ممکن ہو سکے گی، جس سے مریضوں کو تشخیص کے لیے دیگر بڑے شہروں کا رخ کرنے کی ضرورت میں کمی آئے گی۔ اس سہولت سے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو سفر، اضافی اخراجات اور طویل انتظار کی مشکلات سے بھی بڑی حد تک نجات ملے گی۔ہسپتال میں قائم کیے گئے جدید مدر اینڈ چائلڈ کیئر سنٹر میں خواتین اور بچوں کے علاج معالجے کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے مختلف طبی خدمات کو مربوط کیا گیا ہے۔
اس مرکز سے زچہ و بچہ کی صحت سے متعلق طبی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کرنے اور مریضوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی میں مدد ملے گی۔سی ایم ایچ مظفرآباد کے انتہائی نگہداشت کے شعبے (آئی سی یو) کی تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن بھی مکمل کی گئی ہے۔ جدید تقاضوں کے مطابق سہولیات کی بہتری کا مقصد تشویشناک حالت میں ہسپتال آنے والے مریضوں کو بہتر نگہداشت اور علاج کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ اسی طرح آفیسر وارڈ کی تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن بھی مکمل کر لی گئی ہے۔عوامی سہولت اور ہسپتال کے مجموعی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے واش رومز کی مزید بہتری اور مرمت کا کام بھی کیا گیا ہے۔ ہسپتال کی عمارت کے مختلف حصوں میں ضروری مرمت کی گئی، جبکہ چھتوں اور دیگر جگہوں پر موجود خرابیوں کو بھی دور کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔








