مستحق بچوں کی تعلیم میں معاونت روشن مستقبل میں سرمایہ کاری ہے، گورنر سندھ
مستحق بچوں کی تعلیم میں معاونت روشن مستقبل میں سرمایہ کاری ہے، گورنر سندھ

مزید خبریں
کراچی۔ 27 اگست (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ مستحق بچوں کی تعلیم میں مدد کرنا دراصل ان کے روشن مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔جمعرات کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے کچھی کنبھر خدمتِ خلق ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیرِ انتظام سکول کے بچوں میں یونیفارم، جوتے، بیگز اور دیگر ضروری اشیاء کی تقسیم کیلئے منعقدہ تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کے دوران کہی۔انہوں نے کہاکہ حکومت کے ساتھ ساتھ صاحبِ حیثیت افراد، مخیر حضرات اور فلاحی اداروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ضرورت مند بچوں کا ہاتھ تھامیں اور انہیں تعلیم کے حصول میں درپیش مشکلات دور کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہر صاحبِ استطاعت فرد اپنی بساط کے مطابق صرف ایک بچے کی تعلیم کی ذمہ داری اٹھا لے تو ہزاروں بچوں کا مستقبل سنوارا جا سکتا ہے۔ تعلیم ایک ایسا ذریعہ ہے جو نہ صرف فرد بلکہ پورے معاشرے کی ترقی کی بنیاد بنتا ہے۔گورنر سندھ نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت لانچ کی جانے والی ایپ "یوتھ ڈیجیٹل ہب” کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور معاشی خودمختاری کے مختلف مواقع ایک ہی جگہ دستیاب ہوں گے۔ ایپ میں سکالرشپس، بزنس لون، ملازمتوں، اسکل ڈویلپمنٹ اور فنی تربیت سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جس سے نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں بروئے کار لا سکیں گے۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ لیاری کے بچوں اور نوجوانوں کو معیاری تعلیم، ہنر اور جدید ٹیکنالوجی کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
لیاری صرف اپنے تاریخی ماضی کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنے باصلاحیت، محنتی اور باہمت نوجوانوں کی وجہ سے بھی منفرد شناخت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فٹبال، باکسنگ، ایتھلیٹکس اور دیگر کھیلوں میں لیاری کے نوجوانوں کی خصوصی دلچسپی قابلِ ذکر ہے۔ لیاری سے تعلق رکھنے والے متعدد مرد و خواتین کھلاڑیوں نے مختلف کھیلوں میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔
گورنر سندھ نے کچھی کنبھر خدمتِ خلق ویلفیئر ایسوسی ایشن کی سماجی اور فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے مستحق طبقات کی مدد اور بالخصوص بچوں کی تعلیم کے لیے ایسے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ اس موقع پر صدر کچھی کنبھر خدمتِ خلق ویلفیئر ایسوسی ایشن محمد رفیق مارا نے بتایا کہ ایسوسی ایشن کی جانب سے تقریبا 3 ہزار مستحق طلبہ و طالبات میں سکول یونیفارم، بیگز، جوتے اور دیگر ضروری اشیاء تقسیم کی گئیں ہیں۔






