ہولی فیملی ہسپتال کے ماہر ڈاکٹروں نے پانچ سالہ بچے کا ہاتھ کامیابی سے جوڑ دیا

ہولی فیملی ہسپتال کے ماہر ڈاکٹروں نے پانچ سالہ بچے کا ہاتھ کامیابی سے جوڑ دیا

راولپنڈی۔30اگست (اے پی پی):ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کے ڈاکٹرز نے پیچیدہ ری پلانٹیشن سرجری کے ذریعے ٹوکے کے وار سے مکمل طور پر کٹ جانے والے پانچ سالہ بچے کے ہاتھ کو کامیابی سے دوبارہ جوڑ دیا۔جہلم کے رہائشی پانچ سالہ بچے کا ہاتھ ٹوکے کے وار سے جسم سے مکمل طور پر الگ ہوگیا تھا۔ بچے کو تشویشناک حالت میں ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا، جہاں شعبہ پلاسٹک سرجری کے ڈاکٹر طیب اور ڈاکٹر امبرین کی سربراہی میں ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم نے فوری طور پر بچے کا آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا۔

ماہر ڈاکٹرز نے پیچیدہ مائیکرو ویسکیولر سرجری کے ذریعے کٹے ہوئے ہاتھ کو دوبارہ جسم کے ساتھ جوڑ دیا۔ سرجری کے دوران خون کی شریانوں، رگوں اور دیگر اہم ساختوں کو انتہائی باریک اور پیچیدہ جراحی تکنیک کے ذریعے بحال کیا گیا، جس کے نتیجے میں ہاتھ میں خون کی روانی بحال ہوگئی۔

ڈاکٹرز کے مطابق کم عمر بچے میں ہاتھ کی دوبارہ پیوند کاری انتہائی پیچیدہ اور وقت طلب سرجری ہوتی ہے جس میں بروقت اسپتال منتقلی، کٹے ہوئے عضو کو درست طریقے سے محفوظ کرنا اور ماہر مائیکرو سرجیکل ٹیم کی فوری دستیابی انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ حادثے میں جسم کا کوئی عضو کٹ جانے کی صورت میں اسے براہ راست برف پر نہ رکھیں۔

کٹے ہوئے عضو کو صاف پلاسٹک بیگ میں محفوظ کیا جائے اور اس بیگ کو برف والے دوسرے برتن میں رکھا جائے تاہم عضو کو برف یا برف کے پانی سے براہ راست رابطے میں نہ آنے دیا جائے۔مریض کو فوری طور پر ایسے طبی مرکز منتقل کیا جائے جہاں مائیکرو سرجری کی سہولت دستیاب ہو۔ہولی فیملی ہسپتال کے ڈاکٹرز کی بروقت کارروائی اور پیچیدہ جراحی کے نتیجے میں پانچ سالہ بچے کا کٹا ہوا ہاتھ کامیابی سے دوبارہ جوڑ دیا گیا۔