ایک صدی پرانے کوٹ نجا کینال ریسٹ ہاؤس کی تزئین و مرمت کا کام مکمل کر لیا گیا
ایک صدی پرانے کوٹ نجا کینال ریسٹ ہاؤس کی تزئین و مرمت کا کام مکمل کر لیا گیا

مزید خبریں
سرگودھا۔ 30 اگست (اے پی پی):چیف انجینئر انہار سرگودھا زون صداقت لطیف کی خصوصی ہدایت پر محکمہ آبپاشی کے تاریخی ورثے کی بحالی، تزئین و آرائش اور تحفظ کے لیے جاری مہم کے تحت ایک صدی پرانے کوٹ نجا کینال ریسٹ ہاؤس کی تزئین و مرمت کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ تاریخی اہمیت کے حامل اس ریسٹ ہاؤس کی بحالی محکمہ آبپاشی کی شاندار روایات و تاریخی ورثےکو محفوظ بنانے کے عزم کی عملی مثال ہے۔کوٹ نجا کینال ریسٹ ہاؤس گزشتہ ایک سو سال سے محکمہ آبپاشی سرگودھا کی تاریخ کا اہم حصہ ہے۔
برطانوی دور میں تعمیر ہونے والی اس نوعیت کی عمارات نہ صرف اس وقت کے تعمیراتی فن اور انجینئرنگ کا نمونہ ہیں بلکہ پنجاب میں نہری نظام کی تاریخ کی بھی عکاسی کرتی ہیں۔چیف انجینئر اریگیشن زون سرگودھا صداقت لطیف کی خصوصی کاوشوں سے ریسٹ ہاؤس کی تاریخی شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے اس کی ضروری مرمت، تزئین و آرائش اور بحالی کا عمل مکمل کیا گیا ہے۔ بحالی کے دوران عمارت کے اصل تاریخی تشخص اور روایتی طرزتعمیر کو مدنظر رکھنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ جدید ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے تاریخی ورثے کو بھی محفوظ رکھا جا سکے۔
آبپاشی کا نظام صرف نہروں، بیراجوں اور دیگر آبی تنصیبات تک محدود نہیں بلکہ اس سےوابستہ قدیم عمارات،کینال ریسٹ ہاؤسز ،سرکاری رہائش گاہیں اور دیگر تاریخی تعمیرات بھی محکمہ کی ایک بھرپور اور قابل فخر تاریخ کا حصہ ہیں۔ ان عمارات کا تحفظ لوگوں کو آبپاشی کے نظام کے تاریخی ارتقا سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔کوٹ نجا کینال ریسٹ ہاؤس کی بحالی چیف انجینئر انہار سرگودھا زون کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس کابنیادی مقصد محکمہ آبپاشی کے تاریخی ورثے کو زوال سے بچانا اور آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ کرنا ہے۔
اس اقدام سے نہ صرف ایک قدیم عمارت کی رونق بحال ہوئی ہے بلکہ محکمہ آبپاشی کی تاریخی شناخت اور اس سے وابستہ روایات کو بھی نئی زندگی ملی ہے۔ چیف انجینئر صداقت لطیف کی زیر نگرانی سرگودھا اریگیشن زون میں تاریخی اہمیت کی حامل دیگر آبپاشی تنصیبات اور عمارات کے تحفظ اور بحالی کے لیے بھی اقدامات پر توجہ دی جا رہی ہے۔
اس مہم کے ذریعے ماضی کی ان یادگاروں کو محفوظ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے جو پنجاب کے نہری نظام کی بنیاد رکھنے اور اسے وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہیں۔شہریوں نے کوٹ نجا کینال ریسٹ ہاؤس کی بحالی کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخی عمارات کسی بھی ادارے کی شناخت اور ورثے کا قیمتی حصہ ہوتی ہیں،
اس لیے ان کی حفاظت محض تعمیر و مرمت نہیں بلکہ تاریخ کو محفوظ کرنے کے مترادف ہے۔ کوٹ نجا کینال ریسٹ ہاؤس کی بحالی اس عزم کا اظہار ہے کہ محکمہ آبپاشی نہ صرف نہری نظام کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے بلکہ اپنے تاریخی ورثے، روایات اور انجینئرنگ کی ایک صدی پر محیط میراث کو بھی محفوظ رکھنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے ۔







