انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے فائر سیفٹی کے معاملے میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا جارہا ہے، ڈپٹی کمشنر

حکومت پنجاب کی ہدایت پر انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ملتان میں ہسپتالوں اور مراکز صحت کے حفاظتی انتظامات کی کڑی انسپکشن کا سلسلہ جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا

ملتان ۔ 31 اگست (اے پی پی):حکومت پنجاب کی ہدایت پر انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ملتان میں ہسپتالوں اور مراکز صحت کے حفاظتی انتظامات کی کڑی انسپکشن کا سلسلہ جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام مختلف ہسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔جبکہ ریسکیو 1122 کے زیر اہتمام آتشزدگی سے نمٹنے کیلئے فرضی مشقیں بھی کرائی گئیں۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے نشتر ہسپتال، چلڈرن ہسپتال اور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سمیت مختلف مراکز صحت میں فرضی مشقیں مکمل کیں۔ مشقوں کے دوران آتشزدگی کی فرضی صورتحال میں مریضوں کے محفوظ انخلاء، امدادی کارروائی اور ابتدائی طبی امداد کی عملی تربیت کا مظاہرہ کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے فائر سیفٹی کے معاملے میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا جارہا ہے۔ ہسپتالوں میں آگ بجھانے والے آلات اور فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کا عمل بھی تیز کردیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں فائر سیفٹی سسٹم کو مکمل طور پر فعال بنانے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو حفاظتی انتظامات کا مسلسل جائزہ لے رہی ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے ہسپتال انتظامیہ کو فائر سیفٹی آلات فعال رکھنے، ایمرجنسی راستے کھلے رکھنے اور عملے کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تربیت دینے پر بھی زور دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق فائر سیفٹی انتظامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں۔