میری سماجی تربیت اور خدمتِ خلق کا سفر بانھ بیلی کے بانی سینیٹر جاوید جبار کے ساتھ شروع ہوا ،گورنر سندھ

میری سماجی تربیت اور خدمتِ خلق کا سفر بانھ بیلی کے بانی سینیٹر جاوید جبار کے ساتھ شروع ہوا ،گورنر سندھ

کراچی۔ 31 اگست (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ ان کی سماجی تربیت اور خدمتِ خلق کا سفر سابق وفاقی وزیر اور فلاحی ادارے بانھ بیلی کے بانی سینیٹر جاوید جبار کے ساتھ شروع ہوا۔ پیر کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائو س میں بانھ بیلی کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ والدین اور اساتذہ کے بعد جاوید جبار وہ شخصیت ہیں جنہوں نے ان کی رہنمائی اور تربیت میں سب سے اہم کردار ادا کیا۔

گورنر سندھ نے اس موقع پر اپنے سماجی و سیاسی سفر کی یادیں تازہ کرتے ہوئے تھرپارکر میں بانھ بیلی کے ساتھ گزارے وقت اور فلاحی سرگرمیوں کا ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ 1985میں تھر کے دورے کے دوران سینیٹر جاوید جبار نے مقامی آبادی کو درپیش غربت، پسماندگی اور مشکلات کو اجاگر کیا، جس کے بعد بانھ بیلی کے پلیٹ فارم سے خدمتِ خلق کا سفر شروع ہوا اور وقت کے ساتھ اس کا دائرہ وسیع ہوتا گیا۔گورنر سندھ نے اس سفر میں کردار ادا کرنے والی شخصیات ڈاکٹر حسین بخش کلاچی، ڈاکٹر غفار بلوچ، مرحوم عبداللہ مراد، یونس بندھانی، علیم سومرو، خالد ممتاز، سلطان صدیقی، ڈاکٹر آفاق، ڈاکٹر سعید اسماعیل، ڈاکٹر شنکر لال، ڈاکٹر فریدہ، محترمہ عذرا بابر، محترمہ گلِ فرخندہ، عافیہ سلام اور دیگر کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ ان اجتماعی کاوشوں کے نتیجے میں تھر کے مختلف دیہات میں متعدد اسکول، ڈیم اور زچہ و بچہ مراکز قائم ہوئے اس وقت تھر شدید غربت، بھوک اور بنیادی سہولیات کی کمی کا شکار تھا، تاہم مسلسل کاوشوں کے باعث خطے کے حالات میں نمایاں بہتری آئی۔انہوں نے کہا کہ سینیٹر جاوید جبار کی کاوشوں سے تھر میں سڑکوں کی تعمیر، سائنس نمائشوں اور دیگر ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ ملا، جبکہ حکومتی اداروں کی توجہ بھی علاقے کے مسائل کی جانب مبذول ہوئی۔سینیٹر جاوید جبار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ وہ اخلاص، سادگی، دیانت داری اور انسان دوستی کی علامت ہیں۔

انہوں نے سماجی خدمت کے لیے اپنے کاروباری اور ذاتی مفادات کو پسِ پشت ڈالا، جو ان کی شخصیت کی بڑی خوبی ہے، میرے لیے جاوید جبار دیانت داری اور وقار کی سب سے بڑی علامت ہیں۔اس موقع پر سینیٹر جاوید جبار نے کہا کہ سید محمد نہال ہاشمی کو بطور گورنر سندھ دیکھ کر انہیں بے حد خوشی اور فخر محسوس ہوا۔ انہوں نے کہا کہ نہال ہاشمی نے تقریبا چار دہائیاں قبل بانھ بیلی کے ساتھ کام کرتے ہوئے انتہائی مشکل حالات کے باوجود تھرپارکر کے عوام کی خلوص، لگن اور محنت کے ساتھ خدمت کی۔

انہوں نے کہا کہ کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود نہال ہاشمی کے اخلاص، رویے اور شخصیت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ان کی سادگی، عاجزی اور خدمتِ خلق کا جذبہ آج بھی قابلِ تحسین اور متاثر کن ہے۔سینیٹر جاوید جبار نے کہا کہ آج بھی نہال ہاشمی میں وہی اخلاص، سادگی اور خدمت کا جذبہ موجود ہے جو تقریبا چار دہائیاں قبل بانھ بیلی کے ساتھ ان کی وابستگی کے دوران نمایاں تھا۔