محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوانے اساتذہ کے سرکاری دفاتر جانے سے متعلق نئی ہدایات جاری کردیں، جس کے تحت اساتذہ کو سکول ڈیوٹی کے اوقات میں محکمہ تعلیم کے مختلف دفاتر جانے سے روک دیا گیا ہے
محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخواکی اساتذہ کے سرکاری دفاتر جانے سے متعلق نئی ہدایات جاری

مزید خبریں
پشاور۔ 31 اگست (اے پی پی):محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوانے اساتذہ کے سرکاری دفاتر جانے سے متعلق نئی ہدایات جاری کردیں، جس کے تحت اساتذہ کو سکول ڈیوٹی کے اوقات میں محکمہ تعلیم کے مختلف دفاتر جانے سے روک دیا گیا ہے۔اس حوالے سے ڈائریکٹوریٹ آف ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبرپختونخوا پشاور کی جانب سے نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔نوٹیفیکیشن میں تمام اساتذہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ سکول اوقات کے دوران محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے سیکرٹریٹ، ڈائریکٹوریٹ یا متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کے دفاتر نہ جائیں ، محکمہ تعلیم کے مطابق سکول اوقات میں کسی استاد کو ڈائریکٹوریٹ یا متعلقہ محکمہ تعلیم کے دفتر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
تاہم متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کی پیشگی تحریری منظوری حاصل کرنے کی صورت میں اس پابندی سے استثنا دیا جاسکتا ہے۔نوٹیفیکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے اساتذہ کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔دوسری جانب تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ اساتذہ کے لئے مسائل کے سلسلے میں دفاتر آنے کے لیے ہفتے میں صرف دو دن منگل اور جمعرات مقرر کیے جائیں۔نوٹیفیکیشن کے مطابق اساتذہ ان دونوں دنوں میں بھی اپنے مسائل کے سلسلے میں محکمہ تعلیم کے دفاتر سکول اوقات ختم ہونے کے بعدجا سکیں گے۔








