ترک مسلح افواج کے یوم فتح کی 104 ویں سالگرہ کے سلسلے میں جی ایچ کیو راولپنڈی میں خصوصی تقریب کا انعقاد

ترک مسلح افواج کے یوم فتح کی 104 ویں سالگرہ کے سلسلے میں جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیراوغلو نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

راولپنڈی۔31اگست (اے پی پی):ترک مسلح افواج کے یوم فتح کی 104 ویں سالگرہ کے سلسلے میں جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیراوغلو نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

پیرکوپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)سے جاری بیان کے مطابق تقریب میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات اور قریبی دوطرفہ روابط کو اجاگر کیا گیا جو مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور ایک دوسرے کے لیے غیر متزلزل حمایت کی تاریخ پر استوار ہیں۔اس موقع پر شرکا نے ترک مسلح افواج کی بہادری اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دفاعی و تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

تقریب میں پاک فوج کے افسران، جمہوریہ ترکیہ کے سفارتخانے کے حکام اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔تقریب کا اختتام جمہوریہ ترکیہ کے عوام اور مسلح افواج کے لیے نیک خواہشات اور خیرسگالی کے پرخلوص جذبات کے اظہار کے ساتھ ہوا۔

مزید خبریں