ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے وزراء خارجہ، وزراء دفاع اور دفاعی افواج کے سربراہان/چیفس آف جنرل سٹاف کی استنبول میں مکہ معاہدہ برائے مشترکہ دفاع کے تحت قائم سٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت

ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے وزراء خارجہ، وزراء دفاع اور دفاعی افواج کے سربراہان/چیفس آف جنرل سٹاف کی استنبول میں مکہ معاہدہ برائے مشترکہ دفاع کے تحت قائم سٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت

استنبول۔31اگست (اے پی پی):ترکیہ، اسلامی جمہوریہ پاکستان اور مملکت سعودی عرب کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور دفاعی افواج کے سربراہان/چیفس آف جنرل سٹاف نے 31 اگست کو استنبول میں مکہ معاہدہ برائے مشترکہ دفاع کے تحت قائم سٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔تینوں ممالک نے علاقائی ذمہ داری کے جذبے کے تحت مکہ معاہدے کے فریم ورک میں مل کر کام کرنے اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے حصول کے عزم کا اعادہ کیا۔اس مقصد کے لیے تینوں ممالک بحرانوں کے پرامن حل کی حوصلہ افزائی کے لیے کشیدگی میں کمی اور تحمل پر مبنی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مکہ معاہدے کے تحت باہمی تعاون کو مزید ادارہ جاتی شکل دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ باہمی یکجہتی کو فروغ، دفاع کی ساکھ و موثریت کو یقینی بنایا جا سکے اور منصفانہ، جامع اور پائیدار امن کے لیے علاقائی کوششوں اور باہمی سلامتی میں کردار ادا کیا جا سکے۔تینوں ممالک کے درمیان تعاون کو موثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے سعودی عرب میں ایک سیکریٹریٹ قائم کیا جائے گاجس کی سربراہی سیکرٹری جنرل کریں گے۔

ابتدائی طور پر سیکرٹریٹ کے سیکرٹری جنرل کا تعلق اسلامی جمہوریہ پاکستان سے ہوگا اور وہ تین سال کی مدت کے لیے اس ذمہ داری پر فائز ہوں گے۔مشترکہ سرگرمیوں کے ذریعے تینوں ممالک اپنی دفاعی صلاحیتوں اور مسلح افواج کے باہمی تعاون و یکجہتی کو بھی مضبوط بنائیں گے۔ اس مقصد کے لیے مضبوط دفاعی صنعتی تعاون، مشترکہ ٹیکنالوجی کی تیاری اور دفاعی مصنوعات کی مشترکہ پیداوار پر کام کیا جائے گا۔مکہ معاہدے پر ادارہ جاتی اور پرعزم انداز میں عمل درآمد کے ذریعے تینوں ممالک علاقائی امن اور استحکام کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔

مزید خبریں