خواتین ایشیا کپ، آئی سی سی ویمنز ٹی20 انٹرنیشنل پلیئر رینکنگ میں نمایاں تبدیلیاں
خواتین ایشیا کپ، آئی سی سی ویمنز ٹی20 انٹرنیشنل پلیئر رینکنگ میں نمایاں تبدیلیاں

مزید خبریں
لاہور۔1ستمبر (اے پی پی):خواتین کے ایشیا کپ کے آغاز کے ساتھ ہی آئی سی سی ویمنز ٹی20 انٹرنیشنل پلیئر رینکنگ میں نمایاں تبدیلیاں سامنے آئی ہیں، جس میں سری لنکن کپتان چماری اتھاپاتھھو نے کیریئر کی بہترین ریٹنگ پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں۔متحدہ عرب امارات کے خلاف سری لنکا کی 9 وکٹوں سے کامیابی میں اتھاپاتھھو نے25 گیندوں پر ناقابل شکست48 رنز بنانے کے علاوہ تین اوورز میں10 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی۔اس کارکردگی کے باعث وہ بیٹنگ رینکنگ میں چھٹی پوزیشن پر برقرار ہیں،جبکہ بولنگ میں تین درجے بہتری کے ساتھ 33 ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔
آل رائونڈرز کی فہرست میں وہ بدستور تیسرے نمبر پر ہیں۔اتھاپاتھھو نے بیٹنگ میں 734،بولنگ میں 552 اور آل رائونڈرز کیٹیگری میں405 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرکے تینوں شعبوں میں اپنے کیریئر کی بہترین ریٹنگ قائم کی۔ان کی اوپننگ پارٹنر امیشا دولائی بھی چار درجے ترقی کرکے کیریئر کی بہترین 18ویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہیں۔متحدہ عرب امارات کے خلاف18 گیندوں پر25 رنز کی اننگز نے انہیں625 ریٹنگ پوائنٹس تک پہنچایا۔بولنگ میں متھالی ایودھیا نے نمایاں ترقی کی۔انہوں نے متحدہ عرب امارات کے خلاف 3 وکٹیں14 رنز کے عوض حاصل کرکے میزبان ٹیم کو79 رنز تک محدود رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
اس کارکردگی کے بعد وہ18 درجے ترقی کرکے 70 ویں نمبر پر آگئی ہیں اور444 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ کیریئر کی بہترین پوزیشن حاصل کرلی ہے۔سوگندیکا کماری بھی 2 وکٹیں18 رنز کے عوض حاصل کرنے کے بعد 5 درجے ترقی کرکے23 ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔تھائی لینڈ نے ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں ہانگ کانگ کو 6 رنز سے شکست دی، تاہم بھارت کے خلاف اسے94 رنز کی بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارت کے خلاف 48 گیندوں پر41 رنز بنانے والی نانناپٹ کونچارونکائی ایک درجہ ترقی کرکے بیٹنگ رینکنگ میں 29 ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔ تھائی لینڈ کی سلیپورن لامی نے بھارت کے خلاف 3 وکٹیں26 رنز کے عوض حاصل کیں،جس کے باعث وہ 5 درجے بہتری کے ساتھ مشترکہ طور پر 63 ویں نمبر پر آگئی ہیں۔ بنگلہ دیش نے پیر کو انڈونیشیا کو71 رنز سے شکست دیکر ٹورنامنٹ میں مضبوط آغاز کیا۔صبحنہ موستاری ایک درجہ ترقی کرکے 39 ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں اور انہوں نے کیریئر کی بہترین500 ریٹنگ حاصل کی۔ان کی ساتھی کھلاڑی ماروفا اختر نے 3 اوورز میں صرف 6 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں،جس کی بدولت وہ دو درجے بہتری کے ساتھ 37ویں پوزیشن پر آگئی ہیں۔
ایسوسی ایٹ ٹیموں میں آئل آف مین کی لوسی بارنیٹ نے رومانیہ میں ہونے والے کانٹینینٹل کپ کے فائنل میں اپنی ٹیم کی رسائی میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ ٹورنامنٹ کی سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی رہیں اور مجموعی طور پر257 رنز بنانے کے بعد بیٹنگ رینکنگ میں مشترکہ طور پر 67ویں نمبر پر آگئی ہیں۔میزبان رومانیہ کی ربیکا بلیک نے ٹورنامنٹ میں بغیر آئوٹ ہوئے197 رنز بنائے۔ 20 ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں ان کی اوسط اب153.00 ہوگئی ہے اور وہ بیٹنگ رینکنگ میں مشترکہ طور پر89 ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔








