جعلی ویزوں و پروٹیکٹر سٹیکرز بنانے والا نیٹ ورک بے نقاب، 305 پاکستانی پاسپورٹس برآمد، ملزم گرفتار،ایف آئی اے

ایف آئی اے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل لاہور نے خفیہ اطلاع پر سبزازار سکیم کے ای بلاک میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی ویزے اور پروٹیکٹر سٹیکرز بنانے والے نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا۔

لاہور۔2ستمبر (اے پی پی):ایف آئی اے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل لاہور نے خفیہ اطلاع پر سبزازار سکیم کے ای بلاک میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی ویزے اور پروٹیکٹر سٹیکرز بنانے والے نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا۔

ترجمان ایف آئی اے لاہور زون کے مطابق کارروائی کے دوران 305 پاکستانی پاسپورٹس، مختلف ممالک کے جعلی ویزا سٹیکرز اور شہریوں کے 100 شناختی کارڈز قبضے میں لے لیے گئے۔کارروائی کے دوران جعلی پروٹیکٹر سٹیکرز بھی برآمد ہوئے، جبکہ ایف آئی اے نے نیٹ ورک سے مبینہ طور پر وابستہ ملزم جاوید اقبال کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم سبزازار لاہور کا رہائشی ہے۔ترجمان کے مطابق ملزم جاوید اقبال ایف آئی اے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل لاہور کے مقدمہ میں بھی مطلوب تھا۔ایف آئی اے حکام نے ملزم کے خلاف مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد اور جعلی دستاویزات کی تیاری و استعمال سے متعلق مزید حقائق سامنے آنے کا امکان ہے۔