ٹریفک مینجمنٹ کی بہتر ی کیلئے سی ٹی اوز، ڈی پی اوز اور ڈی ٹی اوز کو مراسلہ جاری

وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ہیڈ آف ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے صوبے میں ٹریفک مینجمنٹ مزید بہتر بنانے کے لیے سی ٹی اوز، ڈی پی اوز اور ڈی ٹی اوز کو مراسلہ جاری کردیا۔

لاہور۔2ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ہیڈ آف ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے صوبے میں ٹریفک مینجمنٹ مزید بہتر بنانے کے لیے سی ٹی اوز، ڈی پی اوز اور ڈی ٹی اوز کو مراسلہ جاری کردیا۔

مراسلے میں ہیلمٹ کی خلاف ورزی، اوورلوڈنگ اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کارروائی، سڑکوں سے بھکاریوں کے خاتمے اور ریت و ملبہ لے جانے والی ٹرالیوں کو ڈھانپنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ٹریفک چالان ڈیفالٹرز کی فہرستیں ایکسائز اور ضلعی پولیس کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ فیروزپور روڈ کو ماڈل روڈ بنانے، شاہدرہ اور ٹھوکر نیاز بیگ کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ٹریفک انتظامات اور شہری علاقوں میں لین ڈسپلن یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔محمد وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی اور قانون کی پاسداری یقینی بنانا ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔