ناریل قدرت کی جانب سے عطا کردہ ایک اہم نعمت ہے، ڈاکٹر صالحہ
ناریل قدرت کی جانب سے عطا کردہ ایک اہم نعمت ہے، ڈاکٹر صالحہ

مزید خبریں
سیالکوٹ۔ 02 ستمبر (اے پی پی):ناریل قدرت کی جانب سے عطا کردہ ایک اہم نعمت ہے جس کے استعمال سے انسانی صحت کو متعدد فوائد حاصل ہوتے ہیں جبکہ ناریل کی کاشت اور اس سے وابستہ صنعت لاکھوں افراد کے روزگار کا ذریعہ بھی ہے۔ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی عالمی یومِ ناریل آج منایا جا رہا ہے، اس سلسلہ میں رتاں پنجاب دیاں کے زیرِ انتظام سیمینار منعقد ہوا جس میں ماہرینِ غذائیت، سماجی شخصیات دیگر شرکانے ناریل کی غذائی، زرعی، معاشی صنعتی اہمیت اجاگر کی ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ماہرِ غذائیت ڈاکٹر صالحہ نے کہا کہ ناریل کو اس کے بے شمار فوائد اور مختلف استعمالات کے باعث ’’درختِ حیات‘‘ کہا جاتا ہے۔
ناریل کا پانی ایک مقبول اور قدرتی مشروب ہے جبکہ اس کا گودا، دودھ اور تیل خوراک سمیت مختلف مصنوعات کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے۔ ناریل کے چھلکے سے کوائر، رسی، چٹائیاں اور دیگر اشیا تیار کی جاتی ہیں جبکہ اس کا سخت خول بھی مختلف صنعتی اور گھریلو مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ڈاکٹر صالحہ نے کہا کہ متوازن غذا میں قدرتی غذائی اجزا کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، ناریل اور اس سے تیار ہونے والی مختلف مصنوعات غذائیت کے اعتبار سے اہم مقام رکھتی ہیں۔
انہوں نے ناریل کے استعمال سے متعلق عوام میں درست اور سائنسی آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔سیمینار کے دیگر مقررین نے کہا کہ عالمی یومِ ناریل منانے کا مقصد ناریل کی پیداوار میں اضافے، جدید اور پائیدار زرعی طریقوں کے فروغ، کسانوں کے معاشی حالات میں بہتری اور ناریل سے حاصل ہونے والی مصنوعات کی عالمی سطح پر اہمیت اجاگر کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ناریل پیدا کرنے والے ممالک میں لاکھوں افراد کا روزگار براہِ راست یا بالواسطہ اس فصل سے وابستہ ہے۔مقررین نے کہا کہ ناریل کی صنعت دیہی معیشت کے استحکام، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ عالمی یومِ ناریل کے موقع پر ناریل کی پائیدار کاشت، بہتر پیداوار، جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال اور اس سے وابستہ کسانوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔







