چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق امتحانی نظام میں شفافیت، میرٹ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے بدھ کو بیان میں کہا کہ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی خصوصی دلچسپی اور رہنمائی میں تعلیمی نظام کی بہتری اور امتحانی امور میں اصلاحات کا عمل جاری …
امتحانی نظام میں شفافیت، میرٹ اور جدید ٹیکنالوجی کو یقینی بنا رہے ہیں، چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی

مزید خبریں
راولپنڈی ۔2ستمبر (اے پی پی):چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق امتحانی نظام میں شفافیت، میرٹ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے بدھ کو بیان میں کہا کہ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی خصوصی دلچسپی اور رہنمائی میں تعلیمی نظام کی بہتری اور امتحانی امور میں اصلاحات کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نتائج کی تیاری کے تمام مراحل میں میرٹ اور شفافیت کو بنیادی ترجیح دی گئی اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے تمام مراحل مقررہ طریقہ کار کے مطابق مکمل کیے گئے تاکہ طلبہ کی محنت کا منصفانہ اور درست انداز میں جائزہ لیا جا سکے۔
چیئرمین بورڈ نے کہا کہ امتحانات کے انعقاد سے نتائج کی تیاری تک ہر مرحلے میں معیار اور شفافیت برقرار رکھنے کے لیے موثر انتظامی اقدامات کیے گئے ہیں۔ بورڈ کا مقصد ایسا امتحانی نظام تشکیل دینا ہے جس میں کسی طالب علم کے ساتھ ناانصافی نہ ہو اور تمام امیدواروں کو ان کی تعلیمی صلاحیتوں کے مطابق مساوی مواقع میسر آئیں۔انہوں نے کامیاب امیدواروں، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کامیابی طلبہ کی محنت، لگن اور مستقل مزاجی کا ثمر ہے۔ ناکام امیدوار مایوس نہ ہوں بلکہ اپنی کمزوریوں کی نشاندہی کرکے مزید محنت کریں اور آئندہ امتحانات میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے نہم جماعت کے سالانہ امتحانات کے انعقاد اور نتائج کی بروقت تیاری پر کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان، سیکرٹری بورڈ امجد اقبال خٹک، دیگر افسران اور تمام متعلقہ ملازمین کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ امتحانات کے انعقاد، نگرانی، جانچ پڑتال اور نتائج کی تیاری کے مختلف مراحل میں افسران و ملازمین نے ذمہ داری، دیانت داری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ فرائض انجام دیئے۔انہوں نے کہا کہ نتائج کی بروقت تیاری ایک مربوط ٹیم ورک کا نتیجہ ہے اور بورڈ مستقبل میں بھی امتحانی نظام کو مزید جدید، شفاف اور میرٹ پر مبنی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتا رہے گا تاکہ طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے منصفانہ اور مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔







