ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (انفورسمنٹ) ڈاکٹر محمد کلیم کی زیرِ صدارت انسدادِ پولیو اور انسدادِ ڈینگی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع قصور میں دونوں بیماریوں کے تدارک، حفاظتی اقدامات اور خصوصی مہم کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
انسدادِ پولیو اور انسدادِ ڈینگی کے حوالے سے خصوصی مہم 21 سے 24 ستمبر تک جاری رہے گی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرقصور

مزید خبریں
قصور۔ 02 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (انفورسمنٹ) ڈاکٹر محمد کلیم کی زیرِ صدارت انسدادِ پولیو اور انسدادِ ڈینگی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع قصور میں دونوں بیماریوں کے تدارک، حفاظتی اقدامات اور خصوصی مہم کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سی ای او ہیلتھ اتھارٹی قصور ڈاکٹر طارق سہیل، انٹامالوجسٹ قصور ڈاکٹر خرم شہزاد، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر قصور نادر علی، سول ڈیفنس، محکمہ تعلیم، واسا، ریسکیو 1122، محکمہ ماحولیات، پنجاب فوڈ اتھارٹی، پیرا فورس، ستھرا پنجاب اتھارٹی سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ تحصیل پتوکی اور تحصیل کوٹ رادھاکشن میں انسدادِ پولیو اور انسدادِ ڈینگی کے حوالے سے خصوصی مہم 21 سے 24 ستمبر تک جاری رہے گی۔ اس دوران متعلقہ ٹیمیں فیلڈ میں متحرک رہیں گی اور گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سمیت ڈینگی لاروا کی افزائش گاہوں کی نشاندہی اور تلفی کے اقدامات یقینی بنائیں گی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (انفورسمنٹ) ڈاکٹر محمد کلیم نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ خصوصی مہم کے دوران تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور فیلڈ سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ پولیو اور ڈینگی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط اور مؤثر رابطہ ناگزیر ہے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ شہریوں میں آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ والدین اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں جبکہ شہری اپنے گھروں، گلی محلوں اور اردگرد کے علاقوں میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھتے ہوئے ڈینگی کی افزائش کے ممکنہ ذرائع کا خاتمہ کریں۔







