وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی ڈوئچے بینک کے علاقائی چیف ایگزیکٹو سے ملاقات، ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے ڈوئچے بینک کے مشرق وسطیٰ و افریقہ کے علاقائی چیف ایگزیکٹو جمال الکیشی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈوئچے بینک کے کنٹری منیجر پاکستان علی حیدر زیدی بھی موجود تھے۔

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے ڈوئچے بینک کے مشرق وسطیٰ و افریقہ کے علاقائی چیف ایگزیکٹو جمال الکیشی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈوئچے بینک کے کنٹری منیجر پاکستان علی حیدر زیدی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران پاکستان کے معاشی منظرنامے، سرمایہ کاری کے مواقع اور ڈوئچے بینک کی جانب سے پاکستان کے ساتھ مزید گہرے تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خزانہ نے انہیں پاکستان کی حالیہ معاشی پیش رفت اور ساختی اصلاحات کو ادارہ جاتی شکل دینے اور برآمدات پر مبنی پائیدار معاشی ترقی کی راہ ہموار کرنے کے لیے حکومت کی کوششوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے مالیاتی صورتحال، بیرونی کھاتے اور مجموعی معاشی استحکام میں بہتری کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں اور شراکت داروں کی جانب سے مثبت توثیق بھی اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کریڈٹ پروفائل میں بہتری ایک اہم سنگ میل ہے اور حکومت عالمی منڈیوں میں ملک کی پوزیشن مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔جمال الکیشی نے گزشتہ دو برسوں کے دوران پاکستان کی حاصل کردہ معاشی پیش رفت، بالخصوص مالیاتی استحکام، ادائیگیوں کے توازن، برآمدات اور ترسیلاتِ زر میں بہتری پر وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے ان پیش رفت کو سراہتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ اقدامات پاکستان کی پائیدار اور مضبوط معاشی ترقی کے لیے ٹھوس بنیاد فراہم کر رہے ہیں۔

بیرونی فنانسنگ کے حوالے سے سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان کی درمیانی مدت کی حکمت عملی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حکومت بیرونی قرضوں کی ساخت کو بہتر بنانے اور متنوع بنانے کے ساتھ ساتھ عالمی کیپیٹل مارکیٹس اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ روابط مزید مضبوط کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاری اصلاحات کے نتیجے میں پیدا ہونے والی مالیاتی گنجائش سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بیرونی فنانسنگ کے متنوع ذرائع تک رسائی کو وسعت دینا ضروری ہے۔وزیر خزانہ نے بین الاقوامی اور علاقائی، خصوصاً سعودی عرب میں قائم کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کے وسیع مواقع کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے، توانائی، تیل و گیس، یوٹیلیٹیز، کان کنی و معدنیات، ٹیکنالوجی، بلاک چین اور دیگر پیداواری شعبوں میں سرمایہ کاری کے نمایاں امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے نجی شعبے کی شمولیت بڑھانے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے والی سعودی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

جمال الکیشی نے پاکستان کے لیے ڈوئچے بینک کے طویل المدتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بینک کارپوریٹ بینکنگ اور انویسٹمنٹ بینکنگ کے شعبوں میں اپنی مصنوعات اور خدمات کا دائرہ کار وسیع کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینک پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لے رہا ہے۔انہوں نے مشرق وسطیٰ و شمالی افریقہ (MENA) خطے بالخصوص سعودی عرب کی کمپنیوں کے ساتھ پاکستان کے روابط بڑھانے اور مختلف اہم شعبوں میں سرمایہ کاری و فنانسنگ کے مواقع تلاش کرنے میں تعاون کی خواہش بھی ظاہر کی۔

وزیر خزانہ نے پاکستان کے ساتھ ڈوئچے بینک کے مسلسل تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس کی حمایت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کو متحرک کرنے، مالیاتی منڈیوں کو مزید گہرا کرنے اور پاکستان کی طویل المدتی معاشی ترقی کے لیے بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور نجی شعبے کے شراکت داروں کے ساتھ مسلسل تعاون نہایت اہم ہے۔

مزید خبریں