وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت وزارت خزانہ میں اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس میں وزیراعظم کے کیش لیس اقدام کے آئندہ جائزے کی تیاریوں پر غور ہوا۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت کیش لیس معیشت پر اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت وزارت خزانہ میں اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس میں وزیراعظم کے کیش لیس اقدام کے آئندہ جائزے کی تیاریوں پر غور ہوا۔
اجلاس میں وزارت خزانہ، سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی)، نادرا، کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، وزارت آئی ٹی و ٹیلی مواصلات کے سینئر حکام اور نجی شعبے کے سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔وزیر مملکت نے وزیراعظم کے کیش لیس اکانومی کے وژن پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور پاکستان کی ڈیجیٹل مالیاتی تبدیلی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے ترجیحات کا تعین کیا۔ اجلاس نے گزشتہ سال کے دوران کیش لیس اکانومی پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور موجودہ مالی سال کے لیے قومی کیش لیس ڈیش بورڈ کی سالانہ کارکردگی کے اہداف طے کئے۔
اس کے ساتھ ساتھ براہ راست نگرانی اور ڈیٹا کی شفافیت کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سٹیٹ اونڈ انٹرپرائزز اور خود مختار اداروں میں سرکاری ادائیگیوں کو ڈیجیٹل بنانے پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا اور تمام وینڈر، ملازمین اور پنشن کی ادائیگیوں کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ کمیٹی کے ارکان نے ملک بھر میں تاجروں کی جانب سے ڈیجیٹل نظام اپنانے کے دائرہ کار کو بڑھانے کی حکمت عملی پر بھی غور کیا اور ریئل ٹائم ٹرانزیکشن کی شفافیت بڑھانے کے لیے ایک مرکزی مرچنٹ ڈیٹا بیس قائم کرنے کی تجویز پیش کی۔
انہوں نے صارفین کے لیے طریقہ کار آسان بنانے پر بھی زور دیا تاکہ شہری ہر سطح پر بغیر دشواری ڈیجیٹل ادائیگیاں کر سکیں۔وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے شفاف، دستاویزی اور جامع معیشت کی تشکیل کے لیے حکومتی عزم دوہراتے ہوئے زور دیا کہ تیز رفتار عمل درآمد اور عوام کی زیادہ سے زیادہ سہولت کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدگی سے پیشرفت کا جائزہ لیا جاتا رہے گا۔








