وزیرِ اعظم کی صحت کے شعبہ میں اصلاحات کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت ،پمز آتشزدگی کے مجرمانہ غفلت کے مرتکب اہلکاروں سے کوئی رعایت نہیں ہو گی، محمد شہباز شریف

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے صحت کے شعبہ میں اصلاحات کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پمز آتشزدگی کے مجرمانہ غفلت کے مرتکب اہلکاروں سے کوئی رعایت نہیں ہو گی۔

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے صحت کے شعبہ میں اصلاحات کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پمز آتشزدگی کے مجرمانہ غفلت کے مرتکب اہلکاروں سے کوئی رعایت نہیں ہو گی۔

بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کرغزستان سے واپس پہنچتے ہی وزرات صحت کے امور اور پمز آتشزدگی واقعے کے حوالے سے ہنگامی اجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس میں وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفی کمال،وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، سیکریٹری صحت کپٹن (ر) محمد محمود اور پمز ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائیریکٹر ڈاکٹر محمد سلمان نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو شعبہ صحت اور پمز آتشزدگی واقعے کے حوالے سے جاری تحقیقات پر خصوصی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ عبوری تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں وزیرِ اعظم کے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مجرمانہ غفلت کے مرتکب اہلکاروں کو کسی قدر رعایت نہیں دی جائیگی۔

وزیرِ اعظم نے وزیرِ صحت اور سیکریٹری صحت، کو ہدایت کی کہ وہ دونوں متبادل دنوں میں پمز ہسپتال میں اپنی ذاتی موجودگی کو یقینی بنائیں اور اپنی نگرانی میں ہسپتال کی بہتری کیلئے اقدامات پر عملدرآمد کروائیں۔ پمز ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات کی بہتری اور تمام تر حفاظی اقدامات کا اطلاق یقینی بنایا جائے اور شعبہ صحت میں اصلاحات کے عمل کو تیز کیا جائے ۔

 

مزید خبریں