میئر کراچی نے گرومندر سے تین ہٹی تک جہانگیر روڈ کی بہتری و بحالی منصوبے کا افتتاح کردیا
میئر کراچی نے گرومندر سے تین ہٹی تک جہانگیر روڈ کی بہتری و بحالی منصوبے کا افتتاح کردیا

مزید خبریں
کراچی۔ 02 ستمبر (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے گرومندر سے تین ہٹی تک جہانگیر روڈ کی بہتری و بحالی منصوبے کا افتتاح کردیا۔جاری اعلامیہ کے مطابق منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ منصوبے پر 36 کروڑ روپے کی لاگت سے سڑک کی بحالی، کشادگی، نکاسی آب، فٹ پاتھ، لین مارکنگ اور روشنی کا انتظام سمیت مختلف ترقیاتی کام مکمل کیے گئے ہیں،جہانگیر روڈ کی بحالی کے منصوبے کے تحت 1.4 کلومیٹر طویل دوطرفہ سڑک کو 26 فٹ سے بڑھا کر 32 فٹ تک چوڑا کیا گیا ہے جبکہ سڑک پر 2 لاکھ 52 ہزار مربع فٹ 80 ایم ایم اور 70 ہزار مربع فٹ 60 ایم ایم پیورنگ بلاکس بچھائے گئے ہیں، منصوبے کے تحت 50 ہزار مربع فٹ اسفالٹ بیس کورس اور 50 ہزار مربع فٹ اسفالٹ کنکریٹ کا کام بھی مکمل کیا گیا ہے۔
اس موقع پر سٹی کونسل میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، سٹی کونسل کے دیگر اراکین، منتخب نمائندے، یوسی کونسلر وہاب، شکیل بلوچ، علی کلانچی، ثنا اللہ، ناصر بلوچ، شاہ مراد اور دیگر بھی موجود تھے۔میئر کرچی نے کہا کہ جہانگیر روڈ منصوبے میں سڑک کے ساتھ موجود خراب سیوریج لائنوں کی بحالی کے علاوہ 36 انچ قطر کی برساتی پانی کی نکاسی کی لائن کا 11 ہزار 800 رننگ فٹ سے زائد وینچنگ کا کام مکمل کیا گیا ہے، نکاسی آب کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے سیوریج لائنوں کو لیاری ندی تک مربوط کیا گیا ہے جبکہ منصوبے کے تحت 45 مین ہولز بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ جہانگیر روڈ کے دونوں طرف لین مارکنگ، کرب بلاکس اور فٹ پاتھ کا کام بھی مکمل کیا گیا ہے، سڑک کی خوبصورتی اور روشنی کے لیے 80 نئی سولر لائٹس نصب کی گئی ہیں جبکہ 6 خراب لائٹ پولز بھی تبدیل کردیئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علاقے کے لوگوں کو لوڈشیڈنگ کے باعث مشکلات کا سامنا ہے، اسی لیے جہانگیر روڈ کی اسٹریٹ لائٹس کو سولر سسٹم پر منتقل کیا گیا ہے، سہراب گوٹھ جانے والے لاکھوں افراد اس شاہراہ کو استعمال کرتے ہیں، سڑک کی بحالی سے ان کی آمدورفت میں آسانی پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم توفیق روڈ کی بحالی کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے جبکہ گرومندر سے پٹیل پاڑہ جانے والی سڑک پر بھی کام ہورہا ہے، نشتر روڈ فلائی اوور کی تعمیرات کا کام بھی جاری ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ وعدوں کو وفا کرنے کا سلسلہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت آگے لے کر چل رہی ہے، تمام کارکنان کی ترجیح عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنا ہے، رواں سال ترقیاتی کاموں کی تکمیل کا سال ہے اور اس سال کراچی بہتر ہوتا دکھائی دے گا۔ انہوںنے کہا کہ کے ایم سی رواں سال 70 نئے پارکس بنانے جارہی ہے اور شہر میں ترقیاتی کاموں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں سڑکوں کی بحالی اور بنیادی شہری سہولیات کی بہتری کا سلسلہ جاری ہے اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی بہتری ہماری ترجیحات میں شامل ہے،شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد شہریوں کو بہتر، محفوظ اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کرنا اور بنیادی شہری انفراسٹرکچر کو مزید مستحکم بنانا ہے۔







