ہاشو سکول آف ہاسپٹیلٹی مینجمنٹ (ایچ ایس ایچ ایم ) اور قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی (کے آئی یو) کے مابین گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو معیاری ہاسپٹیلٹی اور ٹورازم تعلیم تک رسائی فراہم کرنے کے لیے باہمی تعاون کے سمجھوتے (ایم او یو) پر دستخط ہوگئے۔
قراقرم یونیورسٹی اور ہاشو سکول آف ہاسپٹیلٹی مینجمنٹ میں معاہدہ، نوجوانوں کو عالمی معیار کی ہاسپٹیلٹی تعلیم کی فراہمی کا عزم

مزید خبریں
گلگت۔ 02 ستمبر (اے پی پی):ہاشو سکول آف ہاسپٹیلٹی مینجمنٹ (ایچ ایس ایچ ایم ) اور قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی (کے آئی یو) کے مابین گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو معیاری ہاسپٹیلٹی اور ٹورازم تعلیم تک رسائی فراہم کرنے کے لیے باہمی تعاون کے سمجھوتے (ایم او یو) پر دستخط ہوگئے۔ بدھ کو آن لائن منعقدہ تقریب میں وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق، ہاشو گروپ کے ہاسپٹیلٹی ڈویژن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر باستیاں بلانک، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہاسپٹیلٹی اینڈ ایجوکیشن ڈویژن حسیب گردیزی، پاکستان ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ (پاک ۔ای ای ا یف ) کی چیف ایگزیکٹو آفیسر سیدہ حجرہ سہیل سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
معاہدے کے تحت ایچ ایس ایچ ایم گلگت بلتستان کے طلبہ کو ہاسپٹیلٹی اینڈ ٹورازم مینجمنٹ کے ڈگری اور بین الاقوامی ڈپلومہ پروگرامز تک رسائی فراہم کرے گا جس سے طلبہ کو پیشہ وارانہ تعلیم کے حصول کے لیے خطے سے باہر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔یہ اقدام پاکستان ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کی معاونت سے آگے بڑھایا جا رہا ہے جس کا مقصد مالی مشکلات کے شکار باصلاحیت طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کے مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔ پروگرام کے تحت تعلیمی تربیت کو عملی ہاسپٹیلٹی ٹریننگ، صنعتی تجربے اور انٹرن شپ کے مواقع سے منسلک کیا جائے گا تاکہ طلبہ کو روزگار اور عالمی سطح پر کیریئر کے بہتر مواقع میسر آسکیں۔ ایچ ایس ایچ ایم کی برطانیہ کے ادارے سی ٹی ایچ کے ساتھ شراکت داری کے باعث گلگت بلتستان کے طلبہ کو متعدد ممالک کی جامعات سے منسلک تعلیمی مواقع تک رسائی بھی حاصل ہوگی۔






