دادھوچہ ڈیم کی تکمیل کے بعد راولپنڈی کو تقریباً 35 ملین گیلن روزانہ پانی فراہم ہوگا ،کمشنرراولپنڈی

کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی نے کہا ہے کہ شہریوں کو صاف اور وافر پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، دادھوچہ ڈیم کی تکمیل کے بعد راولپنڈی کو تقریباً 35 ملین گیلن روزانہ پانی فراہم ہوگا جس میں سے 15 ملین گیلن روزانہ واسا جبکہ 20 ملین گیلن کینٹ بورڈز اور ڈی ایچ اے کو فراہم کیا جائے گا

راولپنڈی۔2ستمبر (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی نے کہا ہے کہ شہریوں کو صاف اور وافر پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، دادھوچہ ڈیم کی تکمیل کے بعد راولپنڈی کو تقریباً 35 ملین گیلن روزانہ پانی فراہم ہوگا جس میں سے 15 ملین گیلن روزانہ واسا جبکہ 20 ملین گیلن کینٹ بورڈز اور ڈی ایچ اے کو فراہم کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس راولپنڈی میں دادھوچہ ڈیم سے راولپنڈی شہر کو پانی کی فراہمی اور منصفانہ تقسیم کے منصوبے کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سید نذارت علی شاہ، ایم ڈی واسا عزیز اللہ خان، کینٹ بورڈز، ہاؤسنگ، محکمہ آبپاشی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں دادھوچہ ڈیم سے راولپنڈی کو پانی کی فراہمی کے مجوزہ نظام، پانی کی دستیابی، موجودہ ڈسٹری بیوشن سسٹم اور مستقبل کی ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ واسا کی جانب سے راولپنڈی کی آبادی کو اس وقت 72 ملین گیلن روزانہ پانی فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ دستیاب پانی کی مقدار 51 ملین گیلن روزانہ ہے۔

واسا کو پانی راول ڈیم، خانپور ڈیم اور ٹیوب ویلز سے حاصل ہوتا ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ دادھوچہ ڈیم فعال ہونے کے بعد راولپنڈی کو تقریباً 35 ملین گیلن روزانہ پانی دستیاب ہوگا۔ اس پانی میں سے 15 ملین گیلن روزانہ واسا جبکہ 20 ملین گیلن روزانہ کینٹ بورڈز اور ڈی ایچ اے کو فراہم کیا جائے گا جس سے شہر کے مختلف علاقوں میں پینے اور گھریلو استعمال کے پانی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔کمشنر سلمان غنی نے کہا کہ پانی عوام کی بنیادی ضرورت ہے اور اس کے تحفظ، مؤثر استعمال اور منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانا اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کرتے ہوئے پانی کی شفاف اور منصفانہ تقسیم کے لئے مؤثر نگرانی کا نظام وضع کریں۔انہوں نے پانی کی اصل کھپت کا درست تعین اور ضیاع کی روک تھام کے لئے ہائی پریسیژن واٹر میٹرز نصب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جدید میٹرنگ سسٹم پانی کی شفاف تقسیم اور مؤثر نگرانی کے لئے ضروری ہے۔

کمشنر راولپنڈی نے گرے واٹر کو ہارٹیکلچر اور گرین ایریاز کے لئے استعمال کرنے کی ہدایت بھی کی جبکہ بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کے لئے رین ہارویسٹنگ ٹینکس کی تعمیر اور ری چارج ویلز کی تنصیب پر بھی زور دیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ محکموں پر مشتمل ٹیکنیکل ٹیم دادھوچہ ڈیم اور پانی کی تقسیم کے مجوزہ نظام کا تفصیلی جائزہ لے گی اور پانی کی ترسیل، پائپ لائن نیٹ ورک، میٹرنگ، ڈسٹری بیوشن پوائنٹس اور دیگر تکنیکی امور کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کرے گی۔کمشنر سلمان غنی نے کہا کہ راولپنڈی کے شہریوں کو پانی کی فراہمی میں بہتری کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور پانی کے تحفظ و مؤثر استعمال کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے گا۔