وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر افتخار گیلانی کی زیر صدارت سیکرٹریز حکومت کا اجلاس وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان
عام آدمی کی مشکلات کم کرنے کیلئے حکومت ترجیحی اقدامات اٹھائے گی، بیوروکریسی 100روزہ اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل درآمد شروع کر دے،وزیراعظم آزادکشمیر
مظفر آباد۔ 02 ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر افتخار گیلانی کی زیر صدارت سیکرٹریز حکومت کا اجلاس وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل ظہیر الدین قریشی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سردار محمد ظفر، پرنسپل سیکرٹری سردار عدنان خورشید سمیت دیگرمحکمہ جات کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح سسٹم میں اصلاحات لا کر عام آدمی کیلئے آسانیاں اور نئے مواقع پیدا کرنے ہیں،۔ درپیش چیلنجز کو بیوروکریسی کے تعاون سے حل کرینگےاور ہماری کارکردگی گرائونڈ پر نظر آئے گی۔انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی کے کندھوں پر اہم ذمہ داریاں ہیں، ٹیم ورک کے ساتھ ملکر کام کریں گے۔
وزیراعظم افتخار گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوگوں کیلئے کام کرنے آئے ہیں ،نوجوانوں کےلیے یوتھ انگیجمنٹ پروگرام لائیں گے ، ریاست میں بے روزگاری ایک بڑا چیلنج ہے ،سوشل سیکٹر کے اندر ڈیمانڈ بیس سکل ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی کوسفری اور صحت کی سہولیات میں ریلیف دیں گے۔انہوں نے بیوروکریسی کو ہدایت کی کہ وہ 100 روزہ اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد شروع کردے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کا ایجنڈا عام آدمی کا ایجنڈا ہے، عام آدمی کی مشکلات کم کرنے کیلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گی، آزاد کشمیر کی عوام کو دکھانا چاہتے ہیں کہ ہم ان کی بہتری کیلئے آئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 100 روزہ اصلاحاتی ایجنڈے سے ہماری جماعت کی مرکزی قیادت کی کشمیر سے سنجیدگی کا اندازہ ہوتا ہے۔







