سی ٹی ڈی پشاور کی کامیاب کارروائی، بین الاقوامی کالعدم تنظیم فتنۃ الخوارج کے 4 دہشت گرد ہلاک

سی ٹی ڈی پشاور کی کامیاب کارروائی، بین الاقوامی کالعدم تنظیم فتنۃ الخوارج کے 4 دہشت گرد ہلاک

پشاور۔ 02 ستمبر (اے پی پی):کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ )سی ٹی ڈی) پشاور کی کامیاب کارروائی میں بین الاقوامی کالعدم تنظیم فتنۃ الخوارج کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پشاور کو بین الاقوامی کالعدم تنظیم فتنۃ الخوارج کے مسلح دہشتگردوں کی علاقہ بڈھ بیر میں نقل و حرکت کے حوالے سے اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ قبل ازیں خارجی کمانڈر طاہر عرف معاویہ، سکنہ شاکس، ضلع خیبر اپنے دیگر تنظیمی ساتھیوں کے ہمراہ علاقہ میں عوام، صاحبِ ثروت افراد اور حکومتی رِٹ کو چیلنج کرنے اور دہشت گردی پھیلانے کی غرض سے گشت کرتے ہوئے نظر آئے تھے۔مذکورہ اطلاعات کی روشنی میں دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سی ٹی ڈی پشاور کی جانب سے خصوصی ٹیمز تشکیل دے کر ممکنہ داخلی و خارجی راستوں پر ایمبوش لگائی گئی۔

اسی دوران دو موٹر سائیکلوں پر سوار مشتبہ افراد کو رکنے کےلیے للکارا گیا، تاہم مذکورہ افراد نے موٹر سائیکلیں موقع پر چھوڑ کر پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔ سی ٹی ڈی جوانوں نے اپنی تحفظ اور دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کی غرض سے جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کا سلسلہ تقریباً 20 تا 30 منٹ تک جاری رہا۔فائرنگ کے اختتام پر جائے وقوعہ اور ملحقہ علاقہ میں سرچ آپریشن کیا گیا جس کے دوران چار دہشت گرد ہلاک پائے گئے جبکہ دیگر دہشت گرد تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے تین ایس ایم جیز، ایک پستول، ہینڈ گرینیڈ، موبائل فون، تین میگزین اور متعدد کارتوس برآمد کرکے قبضہ پولیس میں لے لیے گئے دورانِ سرچ آپریشن ایک ہلاک شدہ دہشت گرد کی جیب سے افغان تذکرہ بھی برآمد ہوا جو امان خان ولد علی خان، ساکن کنڑ، افغانستان کے نام سے جاری شدہ ہے۔

تذکرہ پر درج تصویر ہلاک شدہ دہشت گرد سے مماثلت رکھتی ہے جسے مزید تصدیق اور قانونی کارروائی کے لیے قبضہ پولیس میں لے لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں دہشت گردوں کے زیرِ استعمال دونوں موٹر سائیکلیں بھی قبضہ پولیس میں لے لی گئی ہیں۔ جائے وقوعہ سے شواہد کے حصول اور ضروری تکنیکی کارروائی کے لیے بم ڈسپوزل یونٹ اور کرائم سین یونٹ کو موقع پر طلب کیا گیا۔ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقہ بڈھ بیر میں سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔

انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس، کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا نے کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی کے افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے دہشت گرد عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کسی بھی صورت امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور دہشت گردی میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔