کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا دورہ کیا اور ہسپتال میں فائر سیفٹی، ایمرجنسی انتظامات
کمشنر راولپنڈی ڈویژن کا ہولی فیملی ہسپتال کا دورہ، فائر سیفٹی، ایمرجنسی انتظامات کا جائزہ

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 03 ستمبر (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا دورہ کیا اور ہسپتال میں فائر سیفٹی، ایمرجنسی انتظامات، طبی و ریسکیو آلات اور مریضوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران محکمہ صحت، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور ہسپتال انتظامیہ کے سربراہان بھی کمشنر راولپنڈی کے ہمراہ موجود تھے۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے فائر سیفٹی کے انتظامات، ایمرجنسی آلات، فائر ہائیڈرنٹس، ایمرجنسی ایگزٹ روٹس اور دیگر ریسکیو آلات کی دستیابی اور فعالیت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال میں موجود فائر فائٹنگ اور ریسکیو آلات کا خود معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ تمام آلات ہر وقت مکمل طور پر فعال اور قابل استعمال حالت میں ہونے چاہئیں۔ کمشنر راولپنڈی نے ہسپتال کے عملے کی حاضری، ایمرجنسی افسران کے ڈیوٹی روسٹرز اور مختلف ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے عملے کی ذمہ داریوں کا بھی جائزہ لیا۔
کمشنر راولپنڈی نے ہدایت کی کہ ایمرجنسی ڈیوٹی روسٹرز واضح اور اپ ڈیٹ رکھے جائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ افسران اور عملہ فوری طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے دستیاب ہو۔ کمشنر سلمان غنی نے ہسپتال کے عملے کی ایمرجنسی ریسکیو اور فائر سیفٹی ٹریننگز کا بھی جائزہ لیا۔ کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں کسی بھی ہنگامی صورتحال، آتشزدگی یا دیگر حادثات سے نمٹنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ کمشنر راولپنڈی نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں فائر سیفٹی اور ایمرجنسی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے، ایمرجنسی ایگزٹ راستوں پر کسی قسم کی رکاوٹ نہ ہو اور تمام راستے ہر وقت کھلے رکھے جائیں۔کمشنر راولپنڈی نے فائر ہائیڈرنٹس، فائر ایکسٹنگوشرز، ایمرجنسی لائٹس، الارم سسٹم اور دیگر حفاظتی آلات کی باقاعدگی سے چیکنگ اور مینٹیننس یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ بجلی کے نظام، جنریٹرز، الیکٹریکل پینلز اور دیگر برقی آلات کی باقاعدگی سے تکنیکی جانچ یقینی بنائی جائے۔








