حکومت جماعت اسلامی کی تجاویز سننے کو تیار ہے،جلد اس پرمذاکرات کا آغاز کیا جائے گا،وفاقی وزراء کی حافظ نعیم الرحمن کے ہمراہ پریس کانفرنس

حکومت جماعت اسلامی کی تجاویز سننے کو تیار ہے،جلد اس پرمذاکرات کا آغاز کیا جائے گا،وفاقی وزراء کی حافظ نعیم الرحمن کے ہمراہ پریس کانفرنس

لاہور۔3ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر احسن اقبال اور وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنا چاہتی اور جماعت اسلامی کی جانب سے دی جانے والی تجاویز سننے کو تیار ہے،اس پر جلد مذاکرات کا آغاز کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو حکومتی مذاکرتی ٹیم کے ساتھ جماعت اسلامی کی قیادت سے منصورہ میں ملاقات کے بعد امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق بھی ان کے ہمراہ تھے۔ احسن اقبال نے کہا کہ حکومت یہی چاہتی ہے کہ عوام کو ریلیف دیا جائے، چار سال کا سیاہ دور دیکھا ہے، معیشت تباہ ہو چکی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ پہلے ساڑھے 23 فیصد تھا جو اب ساڑھے 11 فیصد پر آ چکا ہے، آئی ایم ایف کے پروگرام میں ہم خوشی سے نہیں ہیں، عوام پر ہر بوجھ کم کرنے کے لیے جماعت اسلامی کی تجاویز پر فوری عملدرآمد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے جلد باقاعدہ بات چیت کا آغاز کریں گے ،حافظ نعیم الرحمن سے اپیل ہے کہ وہ بھی ماہرین پر مشتمل ٹیم بنائیں، جماعت اسلامی پڑھے لکھے افراد پر مشتمل جماعت ہے، دونوں ٹیموں کی مشاورت سے عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے حافظ نعیم الرحمن اور ان کی مذاکراتی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تجویز دی ہے کہ عوام کو ریلیف ملنا چاہئے اور اس مقصد کے لیے ماہرین پر مشتمل ٹیم تشکیل دی ہے۔وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم امیر جماعت اسلامی اور ان کے رفقا کے شکرگزار ہیں،جماعت اسلامی کے احتجاج کا مقصد مہنگائی میں کمی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے، وزیراعظم اور حکومتی ٹیم بھی ہر وقت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے قائدین نے بتایا ہے کہ ان کے پاس ریلیف فراہم کرنے کی تجاویز ہیں اور حکومت ان تجاویز کو سننے کے لیے تیار ہے کیونکہ دونوں کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومتی وفد سے اچھی گفتگو ہوئی، ان کے شکرگزار ہیں،جماعت اسلامی کے دھرنے اور ہڑتال کے معاملے پر مذاکرات کے لیے جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کریں گے، ٹیم میں سید فراست شاہ، نوید الرحمن، نصراللہ رندھاوا اور ضیاء الدین انصاری شامل ہیں۔