پنجاب بھر میں بٹیر کی غیرقانونی نیٹنگ و پرندوں کے شکار کیخلاف کریک ڈائون، 15 ملزمان گرفتار
پنجاب بھر میں بٹیر کی غیرقانونی نیٹنگ و پرندوں کے شکار کیخلاف کریک ڈائون، 15 ملزمان گرفتار

مزید خبریں
لاہور۔3ستمبر (اے پی پی):پنجاب بھر میں بٹیر کی غیرقانونی نیٹنگ و پرندوں کے شکار کیخلاف کریک ڈائون کے دوران 15 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ترجمان کے مطابق محکمہ جنگلات و جنگلی حیات پنجاب کی مختلف کارروائیوں کے دوران 20 ہنٹنگ گیئرز ضبط، 6 ملزمان کو ایک لاکھ 90 ہزار روپے جرمانہ جبکہ دیگر کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔
ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجرلاہور ریجن سخی محمد جوئیہ کی سربراہی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر ننکانہ عائشہ صالح نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بٹیرکے دو نیٹنگ گیئرز ضبط کرکے ملزم کو 15ہزار روپے جرمانہ کیا۔اسی طرح اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر قصور محمد اویس کسانہ نے مرغابی کے 2شکاریوں کو گرفتارکرکے ان کیخلاف قانونی چارہ جوئی شروع کردی ۔ اسسٹنٹ چیف وائلڈلا ئف رینجر شیخوپورہ اکرم شاہد نے بٹیر کی غیرقانونی نیٹنگ میں ملوث 2ملزمان گرفتار کرکے انہیں 60ہزار روپے جرمانہ کیا ۔ اسی طرح ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر ملتان ریجن رائے زاہد علی کی سربراہی میں وائلڈلائف رینجرز خانیوال نے بٹیر کا ایک نیٹنگ گیئرضبط کیا۔
وائلڈلائف رینجرز ملتان نے بٹیر کا ایک نیٹنگ گیئرضبط اور ایک گزشتہ کیس کمپائونڈکرکے 50ہزار روپے جرمانہ کیا۔وائلڈلائف رینجرز وہاڑی نے ایئر گن کیساتھ پرندوں کے شکار میں مصروف ایک شکاری کو گرفتار کرکے 40ہزار روپے جرمانہ کرکے کیس نمٹادیا۔وائلڈلائف رینجرز بھکر نے اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجرمحمد طارق کی سربراہی میں بٹیر نیٹنگ میں مصروف 8ملزمان کو گرفتار کرکے 8ہنٹنگ گیئرز ضبط کئے اور قانونی چارہ جوئی شروع کردی ۔
اسسٹنٹ چیف وائلڈلا ئف رینجرضلع لیہ سدر المنتہی نے نیٹنگ گیئرز برائے بٹیر ضبط کرکے قانونی کارروائی شروع نیز اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجرسرگودھا مقدس گلزار نے بٹیر کا ایک نیٹنگ گیئر ضبط کرکے ملزم کو 25ہزار روپے جرمانہ کیا،بہاولپور ریجن میں ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر مجاہد کلیم کی سربراہی میں وائلڈلائف رینجرز بہاولپور نے 4بٹیر کے نیٹنگ گیئرز ضبط کرکے قانونی چارہ جوئی شروع کردی ہے۔







