سیالکوٹ کے تھانہ نیکاپورہ پولیس نے گھر سے 74 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی چوری کرنے کی واردات کا سراغ لگا کر 3 رکنی خواتین گینگ کو گرفتار کر لیا
سیالکوٹ پولیس کی کارروائی، گھر میں 74 لاکھ روپے چوری کی بڑی واردات ٹریس، 3 رکنی لیڈی گینگ گرفتار
سیالکوٹ۔4ستمبر (اے پی پی):سیالکوٹ کے تھانہ نیکاپورہ پولیس نے گھر سے 74 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی چوری کرنے کی واردات کا سراغ لگا کر 3 رکنی خواتین گینگ کو گرفتار کر لیا جبکہ ملزمان کے قبضے سے 72 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور 2 لاکھ روپے نقدی سمیت سو فیصد مالِ مسروقہ برآمد کر لیا گیا۔
ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق کے مطابق محلہ کشمیریاں کے رہائشی منور حسین نے اپنی بہن کے گھر سے 72 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور 2 لاکھ روپے نقدی چوری ہونے کی اطلاع دی ۔تھانہ نیکاپورہ پولیس مقدمہ نمبر 747/26 بجرم 457/380 ت پ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کیا۔ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے گھر میں چوری کی بڑی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ نیکاپورہ انسپکٹر جہانزیب کو نامعلوم ملزمان کو ٹریس کرکے مال مسروقہ کی برآمدگی کا ٹاسک سونپا۔
پولیس ٹیم نے سی سی ٹی وی فوٹیج، پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں اور دیگر تکنیکی وسائل کی مدد سے واردات میں ملوث ملزمان راشدہ پروین، نگینہ سلیم اور شہر بانو کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔دورانِ تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزمان مختلف گھروں میں کام کاج کرتی تھیں۔ انہوں نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے عمر رسیدہ مالکن کے صندوق کی چابی حاصل کی اور مختلف اوقات میں طلائی زیورات اور نقدی چوری کرتی رہیں۔ چوری شدہ زیورات میں ڈائمنڈ سیٹ، چوڑیاں، ہار اور بالیاں شامل تھیں۔پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ 72 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور 2 لاکھ روپے نقدی برآمد کر کے قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے اصل مالک کے حوالے کر دیے۔
شہریوں اور اہلِ علاقہ نے واردات ٹریس کرنے اور سو فیصد مالِ مسروقہ برآمد کرنے پر سیالکوٹ پولیس کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او تھانہ نیکاپورہ اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔اس موقع پر ڈی پی او سیالکوٹ نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ سیالکوٹ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ جرائم پیشہ عناصر اور شہریوں کی امانتوں پر ہاتھ صاف کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔









