قلات اور بھاگ کچھی میں سیکیورٹی فورسز، پولیس اور اے ٹی ایف کی کامیاب کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلات میں سکیورٹی فورسز جبکہ بھاگ کچھی میں بلوچستان پولیس اور اے ٹی ایف کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی اداروں کی بروقت اور موثر کارروائیاں امن دشمن عناصر کے خلاف ریاست کے مضبوط عزم کی عکاس ہیں۔

کوئٹہ۔ 04 ستمبر (اے پی پی):وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلات میں سکیورٹی فورسز جبکہ بھاگ کچھی میں بلوچستان پولیس اور اے ٹی ایف کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی اداروں کی بروقت اور موثر کارروائیاں امن دشمن عناصر کے خلاف ریاست کے مضبوط عزم کی عکاس ہیں۔

وزیراعلیٰ ہائوس سے اپنے بیان میں وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کے امن کے لیے سکیورٹی فورسز، پولیس اور اے ٹی ایف کی خدمات اور قربانیاں قابلِ فخر ہیں۔ بلوچستان پولیس اور اے ٹی ایف نے بھاگ کچھی میں ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گرد عناصر بلوچستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کو نقصان پہنچانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی مشترکہ جنگ ہے اور اس جنگ میں عوام اور ریاستی ادارے متحد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت امن دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی ۔ وزیر اعلی بلوچستان نے قلات اور بھاگ کچھی کی کارروائیوں میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر سکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔