ایس ای سی پی نے اگست 2026ء میں 4,761 نئی کمپنیاں رجسٹر کیں
ایس ای سی پی نے اگست 2026ء میں 4,761 نئی کمپنیاں رجسٹر کیں

مزید خبریں
اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے اگست 2026ء کے دوران 4,761 نئی کمپنیاں رجسٹر کی ہیں، جو کاروباری تسلسل، بڑھتے ہوئے کاروباری اعتماد اور ایس ای سی پی کے سہولت کاری اور ڈیجیٹل تبدیلی کے اقدامات کی کامیابی کا مظہر ہیں۔ یہ کارکردگی ’ای زی فائل‘ پورٹل کے بہتر نظام اور وفاقی و صوبائی انٹیگریٹڈ سسٹمز کے ذریعے 99.9 فیصد آن لائن رجسٹریشنز کی بدولت ممکن ہوئی۔ اس سنگ میل کے بعد پاکستان میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی کل تعداد بڑھ کر 311,765 ہو گئی ہے۔
جمعہ کے روز ایس ای سی پی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے اس سنگ میل پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارپوریٹ رجسٹریشنز میں مسلسل اضافہ کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کے پاکستان کے شفاف اور کاروبار دوست ریگولیٹری فریم ورک پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے جسے ہمارے ڈیجیٹل تبدیلی کے اقدامات نے مزید تقویت دی ہے۔
نئی کارپوریشنز میں پرائیویٹ کمپنیوں کا حصہ سب سے زیادہ رہا جن کی تعداد 2,762 (58.01 فیصد) تھی، اس کے بعد 1,846 سنگل ممبر کمپنیاں (38.78 فیصد) رہیں۔ اس کے علاوہ ایس ای سی پی نے اس ماہ کے دوران 113 لمیٹڈ لائبلٹی پارٹنرشپس (2.37 فیصد)، 28 نفع نہ کمانے والی کمپنیاں (0.59 فیصد)، اور دیگر 12 کمپنیاں (0.25 فیصد) رجسٹر کیں جن میں پبلک کمپنیاں، غیر ملکی اور دیگر ادارے شامل ہیں۔ پرائیویٹ اور سنگل ممبر کمپنیوں کے رجحان سے پاکستان کے کارپوریٹ نظام میں سٹارٹ اپس، ایس ایم ایز اور کاروباری افراد کا بڑھتا ہوا اعتماد ظاہر ہوتا ہے۔جغرافیائی لحاظ سے، پنجاب کاروباری سرگرمیوں کا مرکز رہا جہاں 2,547 (53 فیصد) نئی رجسٹریشنز ہوئیں۔ اس کے بعد اسلام آباد کیپیٹل ٹریٹری میں 843 (18 فیصد)، سندھ میں 702 (15 فیصد)، خیبر پختونخوا میں 407 (9 فیصد)، گلگت بلتستان میں 151 (3 فیصد)، اور بلوچستان میں 111 (2 فیصد) کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔
کمپنیوں کی یہ وسیع جغرافیائی تقسیم اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک کے تمام خطوں میں کاروباری سرگرمیاں مسلسل پھیل رہی ہیں۔انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ کارپوریٹ ترقی کے بنیادی محرک کے طور پر سامنے آیا ہے جس نے ماہانہ رجسٹریشنز میں 872 نئی کارپوریشنز کے ساتھ سرفہرست مقام حاصل کیا۔
پاکستان کے کارپوریٹ منظر نامے میں تنوع کا اندازہ دیگر اہم صنعتوں کی شاندار کارکردگی سے بھی ہوتا ہے جن میں ٹریڈنگ (732)، سروسز (601)، تعمیرات (295)، سیاحت (232)، خوراک اور مشروبات (216)، ای کامرس (152)، رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ (143)، تعلیم (129)، اور کان کنی (103) شامل ہیں جبکہ دیگر شعبوں میں 1,286 مزید کارپوریشنز قائم ہوئیں جو معیشت کے متعدد طبقات میں ہم آہنگ ترقی کی عکاسی کرتی ہیں۔غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان کے کارپوریٹ سیکٹر پر اپنے اعتماد کا اظہار جاری رکھا۔ اگست 2026ء کے دوران مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 134 سرمایہ کاروں نے نئی قائم ہونے والی کمپنیوں میں حصہ لیا جن میں سرفہرست چین کے 106 سرمایہ کار شامل تھے۔








