فاطمہ جناح یونیورسٹی اور کوریا کی ایجنسی کا مصنوعی ذہانت، خواتین کی ٹیکنالوجی میں بااختیاری کے فروغ کیلئے تعاون پر اتفاق

فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی (ایف جے ڈبلیو یو) اور کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (کوئیکا) نے مصنوعی ذہانت، کمپیوٹنگ، استعداد کار میں اضافے اور جدید علمی تحقیق کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے

راولپنڈی ۔4ستمبر (اے پی پی):فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی (ایف جے ڈبلیو یو) اور کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (کوئیکا) نے مصنوعی ذہانت، کمپیوٹنگ، استعداد کار میں اضافے اور جدید علمی تحقیق کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔اس سلسلے میں کوئیکا کے اعلیٰ سطحی وفد نے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ وفد میں ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر ہارم گو، ینگ پروفیشنل/ریسرچر ڈے ایون کم اور منیجر عبدالرحمن خان شامل تھے۔ یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا (تمغہ امتیاز) نے اجلاس کی صدارت کی، جبکہ ڈین فیکلٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر عذرا یاسمین، ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنس اینڈ انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر نرگس بی بی، ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن ڈاکٹر ہشام اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر نرگس بی بی نے انسٹی ٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنس اینڈ انجینئرنگ کی تعلیمی پیش رفت، تحقیقی کامیابیوں اور ادارہ جاتی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے جاری انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ ڈگری پروگرامز کے علاوہ طالبات کی جانب سے مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تیار کیے گئے نمایاں اور ایوارڈ یافتہ منصوبوں سے بھی وفد کو آگاہ کیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے مصنوعی ذہانت کے فروغ، ڈیجیٹل بااختیاری اور مشترکہ تحقیق کو قومی ترقی کی اہم ترجیحات قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئیکا جیسے بین الاقوامی ادارے کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری سے فیکلٹی اور طالبات کیلئے ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت، سائنس اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ادارہ جاتی صلاحیتوں کو یکجا کرکے ایک پائیدار ڈیجیٹل مستقبل کی بنیاد رکھی جاسکتی ہے، جس سے پاکستان بھر کی خواتین کو ٹیکنالوجی کے شعبے میں قائدانہ کردار ادا کرنے کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔بعد ازاں پروفیسر ڈاکٹر نرگس بی بی نے کوئیکا وفد کو شعبہ کمپیوٹر سائنس، جدید مصنوعی ذہانت کی تجربہ گاہوں، کمپیوٹنگ سہولیات اور خصوصی تحقیقی مراکز کا دورہ کرایا۔کوئیکا کے نمائندوں نے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے تعلیمی ماحول، جدید سہولیات اور طالبات کی تحقیقی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں طویل المدتی عملی تعاون کیلئے مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔

مزید خبریں