حفاظتی انتظامات میں بہتری اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی استعداد بڑھانا ضروری ہے، جسٹس علی باقر نجفی

جسٹس علی باقر نجفی نے کہا ہے کہ حفاظتی انتظامات سے متعلق تربیتی نشست کا مقصد موجودہ حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینا اور مزید بہتری کے لیے ضروری اقدامات کی نشاندہی کرنا ہے

اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):جسٹس علی باقر نجفی نے کہا ہے کہ حفاظتی انتظامات سے متعلق تربیتی نشست کا مقصد موجودہ حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینا اور مزید بہتری کے لیے ضروری اقدامات کی نشاندہی کرنا ہے، ایسی تربیت افسران و اہلکاروں کے لیے مفید ثابت ہوگی۔جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی آئینی عدالت پاکستان میں حفاظتی انتظامات کو موثر بنانے، آگ سے بچائو سے متعلق عملی آگاہی اور ہنگامی صورتحال میں بروقت ردعمل کی استعداد بہتر بنانے کے لیے ایک روزہ تربیتی نشست منعقد ہوئی جس میں جسٹس علی باقر نجفی، رجسٹرار محمد حفیظ اللہ خان سمیت عدالت کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔

کیپیٹل ایمرجنسی سروس سی ڈی اے کے ڈائریکٹر محمد احسن نے شرکا کو اسلام آباد میں رائج ایمرجنسی نظام اور موثر ردعمل کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر طارق مسعود نے آگ کی مختلف اقسام، آگ بجھانے کے موثر ذرائع، ذاتی حفاظت، محفوظ انخلا اور پیشگی حفاظتی منصوبہ بندی کے اہم پہلوئوں پر بریفنگ دی۔اس دوران آگ بجھانے والے آلے کے درست اور محفوظ استعمال کی عملی مشق بھی کروائی گئی جبکہ ماہرین نے شرکا ءکے سوالات کے جوابات دیئے۔وفاقی آئینی عدالت کے مطابق تربیتی نشست ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی ادارہ جاتی استعداد مزید بہتر بنانے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔

مزید خبریں