صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی سے خاران کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے عمائدین، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی ملاقاتیں

صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی سے خاران کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے عمائدین، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں نے ملاقاتیں کیں

کوئٹہ۔ 04 ستمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی سے خاران کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے عمائدین، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں نے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران علاقے کو درپیش مختلف مسائل، ترقیاتی ضروریات، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوامی امور سے متعلق معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات اور ضلع کی مجموعی ترقی کے حوالے سے بھی اپنی تجاویز صوبائی وزیر کے سامنے رکھیں اور اس کے علاؤہ بعض لوگوں نے فرداً اپنے مطالبات صوبائی وزیر کے سامنے پیش کیے۔ صوبائی وزیر میر شعیب نوشیروانی نے وفود اور شہریوں کے مسائل توجہ سے سنے اور متعلقہ حکام سے رابطے کے ذریعے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، پسماندہ علاقوں کی ترقی اور عوامی مسائل کے فوری ازالے کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ ومعدنیات میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ عوامی خدمت میں اپنا نصب العین سمجھتا ہوں۔ خاران سمیت بلوچستان کے تمام اضلاع کی یکساں اور متوازن ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

ترقیاتی منصوبوں میں عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے منصوبوں کو ترجیح دی جا رہی ہے جن سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فائدہ پہنچ سکے۔انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں اور شہریوں سے براہِ راست ملاقاتوں کا مقصد زمینی حقائق سے آگاہی حاصل کرنا اور عوام کو درپیش مسائل ان کے دہلیز پر حل کے لیے مؤثر حکمت عملی مرتب کرنی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی شکایات اور تجاویز کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کی جائیں گی۔ وفود اور شہریوں نے صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی کی جانب سے مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے یقین دہانی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ خاران میں ترقیاتی عمل کو مزید تیز کیا جائے گا اور عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے۔ اس دوران صوبائی وزیر عاصم کرد گیلو اور رکن صوبائی اسمبلی رحمت صالح بلوچ نے بھی صوبائی وزیر خزانہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے صوبائی وزیر سے الگ الگ ملاقات کرکے اپنے مسائل اور مطالبات سے ان کو آگاہ کیا۔