ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی سے یو این ویمن کے نمائندے داؤد ننگیال اور سائرہ لہڑی کی ملاقات

صوبائی مشیر برائے ترقیِ ونسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی سے یو این ویمن کے نمائندے داؤد ننگیال اور سائرہ لہڑی نے ملاقات کی

کوئٹہ۔ 04 ستمبر (اے پی پی):صوبائی مشیر برائے ترقیِ ونسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی سے یو این ویمن کے نمائندے داؤد ننگیال اور سائرہ لہڑی نے ملاقات کی، جس میں بلوچستان میں خواتین کی ترقی، تحفظ، معاشی خودمختاری اور بااختیاری سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران بلوچستان میں خواتین کے لیے جاری حکومتی اقدامات، پالیسیوں اور مستقبل کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا جبکہ خواتین کو تعلیم، صحت، ہنرمندی، روزگار اور معاشی مواقع کی فراہمی کے لیے ادارہ جاتی تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر بھی گفتگو ہوئی۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان حکومت خواتین کی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے کو اپنی ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔ خواتین کی معاشی خودمختاری کے بغیر پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کا تصور مکمل نہیں ہوسکتا، اسی لیے حکومت خواتین کو ہنر، روزگار اور کاروباری مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کی صحت بالخصوص زچہ و بچہ کی صحت بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس شعبے میں بنیادی صحت کی سہولیات تک خواتین کی رسائی بہتر بنانے کے لیے مربوط اقدامات ضروری ہیں۔مشیر ترقیِ نسواں نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے حکومتی اداروں، عالمی ترقیاتی شراکت داروں اور سول سوسائٹی کے درمیان مؤثر تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یو این ویمن کے ساتھ اشتراک کو مزید وسعت دے کر خواتین کی ترقی کے منصوبوں کو زیادہ مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جاسکتا ہے ،یو این ویمن کے نمائندوں نے خواتین کی ترقی و بااختیاری کے لیے بلوچستان حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون اور اشتراک کو مزید مضبوط بنانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ۔ملاقات میں خواتین کی معاشی خودمختاری، صنفی مساوات، خواتین کے تحفظ، صحت، تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔