چیئرمین گوادر پورٹ نور الحق بلوچ نے کراچی میں سلطنتِ عمان کے قونصلر جنرل انجینئر سامع عبداللہ سالم الخنجری سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور عمان کے درمیان بحری تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ سمیت گوادر پورٹ اور عمان کی صحار پورٹ کو سسٹر پورٹس قرار دینے کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین گوادر پورٹ کی کراچی میں سلطنتِ عمان کے قونصلر جنرل سے ملاقات، فضائی رابطہ جلد شروع پر تبادلہ خیال
کوئٹہ۔ 04 ستمبر (اے پی پی):چیئرمین گوادر پورٹ نور الحق بلوچ نے کراچی میں سلطنتِ عمان کے قونصلر جنرل انجینئر سامع عبداللہ سالم الخنجری سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور عمان کے درمیان بحری تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ سمیت گوادر پورٹ اور عمان کی صحار پورٹ کو سسٹر پورٹس قرار دینے کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں گوادر اور صحار کے درمیان براہِ راست بندرگاہی رابطے، شپنگ اور کارگو نقل و حرکت میں سہولت، ٹرانزٹ ٹائم میں کمی اور علاقائی تجارت کے فروغ پر زور دیا گیا۔ملاقات کے دوران سلطنتِ عمان کی سلام ایئر کے ذریعے گوادر اور عمان کے درمیان فضائی رابطہ جلد شروع کرنے کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، تاکہ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان مسافروں اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے براہِ راست فضائی رابطے کو فروغ دیا جاسکے۔فریقین نے گوادر فری زون میں عمانی سرمایہ کاری، لاجسٹکس، ویئر ہاؤسنگ اور فشریز کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات کا بھی جائزہ لیا، جبکہ پورٹ مینجمنٹ، ڈریجنگ، ڈیجیٹل پورٹ آپریشنز اور بندرگاہی عملے کی تربیت کے شعبوں میں تکنیکی تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں بتایا گیا کہ گوادر اور صحار کو سسٹر پورٹس بنانے کی تجویز نئی نہیں، بلکہ اس حوالے سے 22 اپریل 2021 کو بھی سفارتی سطح پر پیش رفت ہوئی تھی۔ اس وقت عمان کے وزیرِ ٹرانسپورٹ، کمیونیکیشن و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے گوادر اور صحار کو سسٹر پورٹس قرار دینے میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کا مسودہ طلب کیا تھا۔چیئرمین گوادر پورٹ نور الحق بلوچ اور عمانی قونصلر جنرل انجینئر سامع عبداللہ سالم الخنجری نے اس بات پر اتفاق کیا کہ گوادر اور صحار کے درمیان باضابطہ سسٹر پورٹ معاہدہ علاقائی رابطوں، تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرسکتا ہے، جبکہ دونوں بندرگاہوں کے درمیان تعاون چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو خلیجی اور وسطی ایشیائی منڈیوں سے جوڑنے میں بھی اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔چیرمین گوادر پورٹ نور الحق بلوچ نے گوادر پورٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عمان کے ساتھ بحری و تجارتی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا
جبکہ عمانی قونصلر جنرل انجینئر سامع عبداللہ سالم الخنجری نے سسٹر پورٹ اقدام کو آگے بڑھانے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات میں فریقین نے آئندہ ہفتوں کے دوران متعلقہ وزارتوں کے ذریعے معاملے کو آگے بڑھانے اور سسٹر پورٹ معاہدے کے لیے مفاہمتی یادداشت کے مسودے کو حتمی شکل دینے کے امکانات پر بھی اتفاق کیا۔









