ہیلتھ سروسز اکیڈمی نے 16 ویں سالانہ بین الاقوامی پبلک ہیلتھ کانفرنس 2026 کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے محققین، ماہرین صحت، پالیسی سازوں، طلبہ اور متعلقہ شعبوں سے وابستہ افراد سے تحقیقی خلاصے طلب کر لیے ہیں
ہیلتھ سروسز اکیڈمی کا 16 ویں سالانہ بین الاقوامی پبلک ہیلتھ کانفرنس 2026 کے انعقاد کا اعلان
اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):ہیلتھ سروسز اکیڈمی نے 16 ویں سالانہ بین الاقوامی پبلک ہیلتھ کانفرنس 2026 کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے محققین، ماہرین صحت، پالیسی سازوں، طلبہ اور متعلقہ شعبوں سے وابستہ افراد سے تحقیقی خلاصے طلب کر لیے ہیں۔ کانفرنس کا موضوع ’’بہتر صحت کے نتائج کے لیے ڈیجیٹل ہیلتھ اختراعات‘‘ رکھا گیا ہے اور یہ 20 اکتوبر 2026ء کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔کانفرنس میں مصنوعی ذہانت اور صحت، ٹیلی میڈیسن، الیکٹرانک طبی ریکارڈ، بیماریوں کی ڈیجیٹل نگرانی، پہننے کے قابل طبی آلات اور موبائل صحت ایپلی کیشنز سمیت جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے صحت عامہ کے نظام کو موثر اور قابل رسائی بنانے کے مختلف پہلوئوں پر غور کیا جائے گا۔کانفرنس کے منتظمین کے مطابق پاکستان میں ڈیجیٹل صحت کے شعبے میں نمایاں پیش رفت کے باوجود خدمات تک غیر مساوی رسائی، ڈیجیٹل خواندگی کی کمی، سائبر سکیورٹی، ڈیٹا کی رازداری اور افرادی قوت کی استعداد جیسے چیلنجز بدستور موجود ہیں۔
کانفرنس کا مقصد ڈیجیٹل صحت کے شعبے میں جدید تحقیق اور بہترین طریقہ کار کو اجاگر کرنا، مختلف شعبوں کے درمیان تعاون اور شراکت داری کو فروغ دینا اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ صحت کے مضبوط نظام کی تشکیل کے لیے قابل عمل تجاویز مرتب کرنا ہے۔ کانفرنس میں ڈیجیٹل صحت، مصنوعی ذہانت، ذہنی صحت، غذائیت، متعدی و غیر متعدی امراض، صحت عامہ، ویکسین، وبائی امراض، ویٹرنری صحت، ماحولیاتی تبدیلی، بنیادی صحت کی سہولیات اور دیگر متعلقہ موضوعات پر تحقیقی مقالے اور خلاصے پیش کیے جائیں گے۔ منتظمین نے بتایا کہ کانفرنس سے قبل ورکشاپس کا بھی اہتمام کیا جائے گا تاکہ شرکا کو عملی تربیت اور مہارتوں میں اضافے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
اعلامیہ کے مطابق تحقیقی خلاصے جمع کرانے کی آخری تاریخ 2 ستمبر 2026ء مقرر کی گئی تھی جبکہ خلاصوں کی منظوری کے بارے میں اطلاع 10 ستمبر اور سٹالز کی رجسٹریشن 15 ستمبر 2026ء تک مکمل کی جائے گی۔









