سوات، 30سے زائد سرکاری سکولوں کی انڈر15 ہاکی ٹیموں میں ہاکی سامان و کٹ بیگز تقسیم

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کی ہدایات پر گراس روٹ لیول ہاکی ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے تحت سوات میں 30 سے زائد سرکاری سکولوں کی انڈر 15 ہاکی ٹیموں میں ہاکی کا سامان اور مکمل کٹ بیگز تقسیم کرنے کی پروقار تقریب گورنمنٹ افضل خان لالا پوسٹ گریجویٹ کالج مٹہ، بار سوات میں منعقد ہوئی

لاہور۔4ستمبر (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کی ہدایات پر گراس روٹ لیول ہاکی ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے تحت سوات میں 30 سے زائد سرکاری سکولوں کی انڈر 15 ہاکی ٹیموں میں ہاکی کا سامان اور مکمل کٹ بیگز تقسیم کرنے کی پروقار تقریب گورنمنٹ افضل خان لالا پوسٹ گریجویٹ کالج مٹہ، بار سوات میں منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی انٹر پروونشل کوآرڈینیشن ڈویژن کے جوائنٹ سیکرٹری زکاء اللہ خٹک تھے، جبکہ ڈاکٹر حضرت اللہ خٹک، ریجنل اسپورٹس آفیسر سوات نے بطور مہمانانِ اعزاز شرکت کی۔ترجمان کے مطابق معزز مہمانوں کا استقبال ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبداللہ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس عبد اللطیف نے کیا۔تقریب میں ضلع سوات کے 30 سے زائد مختلف سرکاری سکولوں کی انڈر 15 ٹیموں میں ہاکی کٹس اور کھیلوں کا سامان تقسیم کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد سکول کی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا، نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور طلبہ کو ہاکی کے میدان میں اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر، مختلف سکولوں کے پرنسپلز، پی ایچ ایف اور خیبر پختونخوا ہاکی ایسوسی ایشن کے نمائندگان، کوچز، کھلاڑیوں اور کھیلوں سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔حکام نے بتایا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے گراس روٹ پروگرام کے تحت ملک بھر میں صوبائی حکومتوں کے تعاون سے سکول ہاکی کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ منصوبے کے تحت جنوری 2027 میں انڈر 15 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کا انعقاد بھی کیا جائے گا جبکہ پروگرام کے اگلے مراحل میں خیبر پختونخوا کے دیگر اضلاع کے علاوہ فیصل آباد، جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان تک ہاکی کٹس کی تقسیم اور سکول ہاکی پروگرام کو وسعت دی جائے گی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اس اقدام کا بنیادی مقصد کم عمری سے بچوں کو قومی کھیل ہاکی کی طرف راغب کرنا، انہیں باقاعدہ تربیت وکھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا اور گراس روٹ لیول سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو تلاش کرکے قومی ٹیم کے لیے مضبوط نرسری تیار کرنا ہے۔تقریب میں شرکاء نے پاکستان ہاکی فیڈریشن، انتظامیہ اور متعلقہ اسپورٹس حکام کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سکول کی سطح پر ہاکی کے فروغ کے ایسے اقدامات قومی کھیل کی بحالی اور نوجوان نسل کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔