روس نےفضائی حدود کی سلامتی سے متعلق یوکرین کا انتباہ مسترد کردیا

روس نے یوکرین کی جانب سے روسی فضائی حدود کو شہری ہوابازی کے لیے غیر محفوظ قرار دینے کے انتباہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان حقائق کو مسخ کرتا، روسی فضائی حدود استعمال کرنے والوں کو گمراہ کرتا اور اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔

ماسکو ۔5ستمبر (اے پی پی):روس نے یوکرین کی جانب سے روسی فضائی حدود کو شہری ہوابازی کے لیے غیر محفوظ قرار دینے کے انتباہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان حقائق کو مسخ کرتا، روسی فضائی حدود استعمال کرنے والوں کو گمراہ کرتا اور اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔شنہوا کے مطابق روسی وزارت خارجہ نےجاری بیان میں کہا کہ روس نے یوکرین کے ان ’’غیر ذمہ دارانہ دہشت گرد اقدامات‘‘ کے خلاف سخت احتجاج کیا ہے جو بین الاقوامی قانون سے متصادم ہیں۔

وزارت خارجہ نے کہا کہ یوکرین کے بیانات شہری ہوابازی کے لیے براہ راست خطرہ ہیں۔ متعلقہ روسی حکام عالمی شہری ہوابازی تنظیم کے ساتھ رابطے میں ہیں اور تنظیم کے سیکرٹری جنرل کو فوری اپیل بھی ارسال کی گئی ہے۔روسی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ روس شہری ہوابازی کی سلامتی یقینی بنانے کے عزم پر قائم ہے

واضح رہے کہ یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے منگل کو بین الاقوامی فضائی کمپنیوں کو خبردار کیا تھا کہ روسی فضائی حدود ’’مکمل طور پر غیر محفوظ‘‘ ہوتی جا رہی ہیں کیونکہ یوکرین میزائل اور ڈرون حملوں میں اضافے کے ردعمل میں کارروائیاں کر رہا ہے۔