خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل آرگینک شعبے کی ترقی، سرمایہ کاری اور برآمدات کیلئے فوکل پلیٹ فارم کا کردار ادا کرے، نجم مزاری

آرگینک زراعت اور مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے نجی ادارے کے سربراہ نجم مزاری نےکہا ہے کہ آرگینک زراعت کو قومی برآمدی پالیسی میں خصوصی اہمیت دی جائے اورخصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ( ایس آئی ایف سی )آرگینک شعبے کی ترقی، سرمایہ کاری اور برآمدات کیلئے فوکل پلیٹ فارم کا کردار ادا کرے۔

اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):آرگینک زراعت اور مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے نجی ادارے کے سربراہ نجم مزاری نےکہا ہے کہ آرگینک زراعت کو قومی برآمدی پالیسی میں خصوصی اہمیت دی جائے اورخصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ( ایس آئی ایف سی )آرگینک شعبے کی ترقی، سرمایہ کاری اور برآمدات کیلئے فوکل پلیٹ فارم کا کردار ادا کرے۔ اتوار کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے ذریعے مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ بیرون ملک سے سرمایہ کاری اور فنڈنگ حاصل کرکے آرگینک زراعت، جدید پروسیسنگ یونٹس، کولڈ چین، پیکیجنگ اور ویلیو ایڈیشن کو فروغ دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آرگینک مصنوعات کی برآمد میں سرٹیفکیشن، لیبارٹری ٹیسٹنگ، ٹریس ایبلٹی، کسٹمز کلیئرنس اور دیگر نان ٹیرف رکاوٹیں دور کرنے کےلئے ’’ون ونڈو سہولت‘‘ فراہم کی جائے تاکہ کاشتکار اور برآمد کنندگان عالمی منڈیوں تک آسانی سے رسائی حاصل کرسکیں۔انہوں نے تجویز پیش کی کہ آرگینک زراعت کےلئے خصوصی ورکنگ گروپس تشکیل دیئے جائیں جو پیداوار سے لے کر پروسیسنگ، سرٹیفکیشن، پیکیجنگ، مارکیٹنگ اور برآمد تک مکمل سپلائی چین کا جائزہ لے کر جامع روڈ میپ تیار کریں۔

نجم مزاری نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانوں اور تجارتی مشنز کو بھی عالمی منڈیوں میں پاکستانی آرگینک مصنوعات کی تشہیر اور خریداروں سے روابط کےلئے فعال کیا جائے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بندرگاہوں پر آرگینک زرعی مصنوعات کی کلیئرنس، معائنے، ذخیرہ اور ترسیل کےلئے خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ برآمد کنندگان کے اخراجات اور وقت میں کمی لائی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آرگینک چاول، پھل، سبزیاں، دالیں، مصالحہ جات، شہد اور دیگر قدرتی مصنوعات کی پیداوار اور برآمد کے وسیع امکانات موجود ہیں، حکومت سہولت کاری، سرمایہ کاری اور پالیسی سپورٹ فراہم کرے تو آرگینک کا شعبہ قیمتی زرمبادلہ کے حصول میں معاون ثابت ہو سکتا ہے جس سے نہ صرف دیہی معیشت کی ترقی ہو گی بلکہ قومی معیشت کے استحکام میں بھی مدد ملے گی۔

 

مزید خبریں