وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مسلح افواج، شہدا اور سابق فوجیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6 ستمبر ملک کی دفاعی تاریخ کا ایک اہم دن ہے جو قوم کے تحفظ کے لیے دی گئی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
6 ستمبر ملکی دفاعی تاریخ کا اہم دن ہے جو قوم کے تحفظ کے لیے دی گئی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،محسن نقوی

مزید خبریں
اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مسلح افواج، شہدا اور سابق فوجیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6 ستمبر ملک کی دفاعی تاریخ کا ایک اہم دن ہے جو قوم کے تحفظ کے لیے دی گئی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔وزارت داخلہ کی جانب سے یوم دفاع کے موقع پر جاری پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم باب ہے جب ملک کی مسلح افواج نے عددی اعتبار سے بڑی دشمن قوت کا سامنا کرنے کے باوجود کامیابی سے جارحیت کے خلاف وطن کا دفاع کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ دن مسلح افواج اور پاکستان کے عوام کے حوصلے، عزم اور جذبے کی نمائندگی کرتا ہے۔
وفاقی وزیر نے ان شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جن کی قربانیاں آنے والی نسلوں کو متاثر کرتی ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ 1965 کی جنگ میں پاکستانی قوم نے اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ بتاتی ہے کہ کس طرح پورا ملک اپنی مسلح افواج کی حمایت میں ایک ساتھ کھڑا ہوا اور وطن کے دفاع میں کردار ادا کیا۔وزیر داخلہ نے پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی قربانیاں ملک کی سلامتی اور خودمختاری کو یقینی بناتی ہیں اور قومی فخر کا باعث ہیں۔آپریشن بنیان المرصوص کا حوالہ دیتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اس کی کامیابی نے پاکستان کی فوجی تاریخ میں ایک اور اہم باب کا اضافہ کیا ۔
انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن ملک کی مسلح افواج کی صلاحیت، عزم اور تیاری کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ایک بار پھر دکھا دیا ہے کہ 6 ستمبر سے وابستہ جذبہ زندہ ہے اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں قوم کی رہنمائی جاری ہے۔محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ قوم اپنے شہیدوں اور سابق فوجیوں کی میراث سے طاقت حاصل کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی قربانیاں، عزم اور خدمات پاکستان کی لچک اور عزم کی بنیاد ہیں۔وفاقی وزیر نے شہدا کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی قربانیوں اور خدمات کا اعتراف بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے اور اس قیمت کو تسلیم کرتی ہے جو انہوں نے ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے ادا کی ہے۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے شہدا اور سابق فوجیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کی خدمات پر فخر کرتے ہیں۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ یوم دفاع پاکستان کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ اور وطن کے دفاع کی اجتماعی قومی ذمہ داری کو یقینی بنانے کے لیے قوم کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔








