پاکستان جموں و کشمیر کی حیثیت سے متعلق بھارت کے بے بنیاد دعوؤں کو مسترد کر تا ہے ، سجاد حیدر خان

پاکستان جموں و کشمیر کی حیثیت سے متعلق بھارت کے بے بنیاد دعوؤں کو مسترد کر تا ہے ، سجاد حیدر خان

اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ سفیر سجاد حیدر خان نے کہاہے کہ پاکستان جموں و کشمیر کی حیثیت سے متعلق بھارت کے بے بنیاد دعوؤں کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے، جو بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حقائق کے منافی ہیں۔ بھارت کے یکطرفہ اقدامات اور مسلسل غیر قانونی قبضہ جموں و کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتے۔بھارت کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے متنازعہ جموں و کشمیر کے نقشے سے متعلق جاری کیے گئے بیان کے بارے میں میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے پیر کو ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود قدیم ترین حل طلب اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعات میں سے ایک ہے۔ متعلقہ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں واضح کیا گیا ہے کہ اس تنازع کا حتمی فیصلہ سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق کیا جانا چاہیے، جس کا اظہار اقوام متحدہ کی نگرانی میں آزادانہ اور غیر جانب دارانہ استصوابِ رائے کے ذریعے ہو۔ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سرکاری نقشے، جن میں جموں و کشمیر کو ایک متنازعہ علاقہ ظاہر کیا گیا ہے، اس کی موجودہ قانونی حیثیت کی واحد مستند نقشہ جاتی نمائندگی ہیں۔ بھارت کے نام نہاد سرکاری نقشوں اور خود ساختہ خودمختاری کے دعووں کا متنازعہ علاقے کی حیثیت پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ بھارت کو بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر روکنے اور کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کے حصول کے لیے اپنے عہد کی تکمیل پر آمادہ کرے، جو متعلقہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے عین مطابق ہے۔