پاک فضائیہ کے شاہینوں نے 1965 میں دشمن کا غرور خاک میں ملایا، وفاقی وزیر داخلہ
پاک فضائیہ کے شاہینوں نے 1965 میں دشمن کا غرور خاک میں ملایا، وفاقی وزیر داخلہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یومِ فضائیہ کے موقع پر پاک فضائیہ کے شہدا اور غازیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7 ستمبر 1965ء پاک فضائیہ کی غیر معمولی شجاعت اور بے مثال پیشہ وارانہ مہارت کا تاریخی دن ہے۔اپنے خصوصی پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے جرأت و بہادری کی تاریخ رقم کرتے ہوئے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے قومی ہیرو سکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایم عالم کی شجاعت پاکستان کی فوجی تاریخ کا سنہری اور ناقابلِ فراموش باب ہے۔ انہوں نے چند ہی لمحوں میں دشمن کے 5 جنگی طیارے مار گرائے اور ایک ایسا تاریخی کارنامہ انجام دیا جس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یومِ فضائیہ ہمارے غازیوں اور شہدا کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے اور پوری قوم اپنے ہیروز کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ وطنِ عزیز کی فضائی سرحدوں کے پاسبان ہمہ وقت بیدار اور مستعد ہیں جبکہ شہدا اور غازیوں نے اپنے خون سے دفاعِ وطن کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں کا جذبہ حب الوطنی اور پیشہ وارانہ صلاحیتیں قابلِ تقلید ہیں اور پوری قوم کو پاک فضائیہ کی اعلیٰ صلاحیتوں پر ہمیشہ فخر رہے گا۔







