سویٹ ہوم کیڈٹ کالج سوہاوہ کے کیڈٹس اورسویٹ ہوم اسلام آباد کے بچوں نے شہدا وطن کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے لوک ورثہ اسلام آباد میں شاندار پریڈ اور دیگر تربیتی مہارتوں کا مظاہرہ کیا اور ٹیبلو شو پیش کئے۔ پروگرام میں عمائدین شہر اور معززین علاوہ نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرپرست اعلی سویٹ ہوم و سابق ایم این اے زمرد خان ( ہلال …
سویٹ ہوم کیڈٹ کالج سوہاوہ کے کیڈٹس اورسویٹ ہوم اسلام آباد کے بچوں کی لوک ورثہ اسلام آباد میں شاندار پریڈ، ٹیبلو شو پیش کئے
اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی): سویٹ ہوم کیڈٹ کالج سوہاوہ کے کیڈٹس اورسویٹ ہوم اسلام آباد کے بچوں نے شہدا وطن کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے لوک ورثہ اسلام آباد میں شاندار پریڈ اور دیگر تربیتی مہارتوں کا مظاہرہ کیا اور ٹیبلو شو پیش کئے۔ پروگرام میں عمائدین شہر اور معززین علاوہ نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرپرست اعلی سویٹ ہوم و سابق ایم این اے زمرد خان ( ہلال امتیاز ) نے کہا کہ دفاع وطن کیلئے بے مثال قربانیاں دینے والوں کے نام ہمیشہ سربلند رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چھ ستمبر کا دن دراصل ان ماوں کیلئے بھی بے مثال فخر کا دن ہے جن کے بہادر بیٹوں نے اپنی جان کی قربانی دے دیکر اس ملک کی مٹی کی آبرو کو بے مثال فخر بخشا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم دفاع وطن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور پاکستان کا ہر شہری دفاع وطن کیلئے اپنی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سویٹ ہوم جلد ہی مستحق طلبا کیلئے پچاس ہزار اسکالر شپس کا آغاز کر ے گا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی عاطف اکرام شیخ صدر ایف پی سی سی آئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چھ ستمبر کا دن ہمارے لئے فخر کا دن ہے اور اس دن کے حوالے سے میں اس شاندار تقریب کے انعقاد پر زمرد خان اور ان کی ٹیم، کیڈٹس اور بچوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور یہ عزم، یہ جذبہ اور یہ جنون دیکھ کر میں کہہ سکتا ہوں کہ اس قوم کو کبھی کوئی دشمن زیر نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ سے سویٹ ہوم کے ساتھ ہیں اور اس کی معاونت اور مدد میں ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔









