وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا سی ڈی اے کے فیسلیٹیشن سینٹر کا اچانک دورہ،شہریوں سے براہ راست مسائل دریافت کیے

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سی ڈی اے کے فیسلیٹیشن سینٹر کا اچانک دورہ کیا۔وفاقی وزیرداخلہ نے فیسلیٹیشن سینٹر میں موجود شہریوں سے براہ راست مسائل دریافت کیے۔وزیر داخلہ نے فیسلیٹیشن سینٹر میں ایجنٹس کی موجودگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایجنٹس کیخلاف بھرپور ایکشن کا حکم دیا اور کہا کہ فیسلیٹیشن سینٹر میں کوئی ایجنٹ نظر نہیں آنا چاہیے۔

اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سی ڈی اے کے فیسلیٹیشن سینٹر کا اچانک دورہ کیا۔وفاقی وزیرداخلہ نے فیسلیٹیشن سینٹر میں موجود شہریوں سے براہ راست مسائل دریافت کیے۔وزیر داخلہ نے فیسلیٹیشن سینٹر میں ایجنٹس کی موجودگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایجنٹس کیخلاف بھرپور ایکشن کا حکم دیا اور کہا کہ فیسلیٹیشن سینٹر میں کوئی ایجنٹ نظر نہیں آنا چاہیے۔

وفاقی وزیرداخلہ نے سینئر سٹیزن کائونٹر کا بھی دورہ کیا اور بزرگ شہریوں کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔وزیر داخلہ نے کائونٹرز پر لمبی قطاروں،رش اور انتظار پر ناراضگی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ فیسلٹیشن سینٹر آنے والے شہریوں کو بہترین انداز سے مینج کیا جائے۔ وفاقی وزیرداخلہ نے عمارت کی تزئین و آرائش کے ساتھ نئے کائونٹرز بنانے کے احکامات دیئے۔ شہریوں نے وزیر داخلہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ فیسلیٹیشن سینٹر کا نظام اب بھی مینول ہے، مکمل ڈیجیٹلائزیشن نہیں ہوئی۔مقررہ تاریخ پر ضروری دستاویزات فراہم نہیں کی جاتیں، بار بار آنا پڑتا ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہریوں کے مسائل کے ازالے کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ عوام کو بہتر اور بروقت خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، شہریوں کو غیر ضروری انتظار اور دقت کا سامنا نہیں ہونا چاہیے، مقررہ تاریخ پر دستاویزات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ڈیجیٹل نظام کے ذریعے شہریوں کے مسائل کا فوری اور شفاف حل یقینی بنایا جائے، فیسلیٹیشن سینٹر کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنایا جائے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہریوں کو یقین دہانی کروائی کہ ایک ماہ کے اندر واضح بہتری نظر آئے گی۔

مزید خبریں