قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان نیوی ڈے کے موقع پر پاک بحریہ کے افسران اور اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ملکی بحری سرحدوں،ساحلی سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ میں ان کے کردار کو سراہا ہے۔اپنے پیغام میں قائم مقام صدر نے کہا کہ پاکستان نیوی ڈے پاک بحریہ کی جرات، قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو یاد کرنے کا دن ہے۔
قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی کا پاکستان نیوی ڈے کے موقع پر پاک بحریہ کے افسران اور اہلکاروں کو خراج تحسین

مزید خبریں
اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان نیوی ڈے کے موقع پر پاک بحریہ کے افسران اور اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ملکی بحری سرحدوں،ساحلی سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ میں ان کے کردار کو سراہا ہے۔اپنے پیغام میں قائم مقام صدر نے کہا کہ پاکستان نیوی ڈے پاک بحریہ کی جرات، قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو یاد کرنے کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1965ء کی جنگ کے دوران پاک بحریہ نے غیر معمولی بہادری اور حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کی بحری حدود کے دفاع کے عزم کا ثبوت دیا۔پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق سید یوسف رضا گیلانی نے آپریشن سومناتھ کو پاک بحریہ کی حکمتِ عملی، جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کی ایک نمایاں مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس آپریشن نے دشمن کی دفاعی صلاحیتوں کو نمایاں نقصان پہنچایا اور یہ ملکی دفاعی تاریخ کا ایک قابلِ فخر باب ہے،انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران پاک بحریہ ایک جدید اور ہمہ جہت بحری قوت کے طور پر ترقی کر چکی ہے جو دفاعی اور علاقائی سطح پر ابھرنے والے نئے چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
قائم مقام صدر کے مطابق پاک بحریہ صرف ملکی بحری سرحدوں کے دفاع تک محدود نہیں بلکہ بحری سلامتی، سمندری تجارتی راستوں کے تحفظ، عالمی امن مشنز اور قدرتی آفات کے دوران انسانی امداد میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران بھی پاک بحریہ نے ملک کی ساحلی اور بحری سرحدوں کے تحفظ کے لیے بھرپور چوکسی اور تیاری برقرار رکھی۔سید یوسف رضا گیلانی نے وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک بحریہ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے غازیوں کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ خدمات پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔
قائم مقام صدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور علاقائی امن، استحکام اور تعاون کے لیے پرعزم ہے تاہم ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ پاک بحریہ اپنی پیشہ ورانہ روایات اور اعلیٰ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع کے عزم کو جاری رکھے گی۔سید یوسف رضا گیلانی نے پاک بحریہ کے تمام افسران اور اہلکاروں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے بحری محافظوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔








