نسٹ میں 1823 نئے طلبہ کے لئے تین روزہ تعارفی پروگرام کا انعقاد

نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) نے 2026ء کے نئے بیچ کے 1,823 انڈرگریجویٹ طلبہ کو جامعہ میں خوش آمدید کہتے ہوئے تین روزہ تعارفی پروگرام کا انعقاد کیا جس کے دوران نئے طلبہ کو نسٹ کے تعلیمی نظام، کیمپس کے شب و روز اور ہم نصابی سرگرمیوں سے متعارف کرایا گیا۔ 2 سے 4 ستمبر تک جاری رہنے والے اورینٹیشن پروگرام میں نئے طلبہ نے تعلیمی، سماجی اور …

اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) نے 2026ء کے نئے بیچ کے 1,823 انڈرگریجویٹ طلبہ کو جامعہ میں خوش آمدید کہتے ہوئے تین روزہ تعارفی پروگرام کا انعقاد کیا جس کے دوران نئے طلبہ کو نسٹ کے تعلیمی نظام، کیمپس کے شب و روز اور ہم نصابی سرگرمیوں سے متعارف کرایا گیا۔ 2 سے 4 ستمبر تک جاری رہنے والے اورینٹیشن پروگرام میں نئے طلبہ نے تعلیمی، سماجی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لیا جبکہ والدین اور سرپرستوں کو بھی نسٹ میں تعلیمی و کیمپس زندگی کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔

پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف گیسٹ اور رجسٹرار نسٹ ڈاکٹر ناصر رشید نے نئے طلبہ کا خیرمقدم کیا اور انہیں جامعہ میں دستیاب مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ نسٹ میں اپنے قیام کے دوران نئے تجربات اور چیلنجز کا بھرپور سامنا کریں، بامعنی روابط قائم کریں اور نسٹ کمیونٹی کا فعال حصہ بنیں۔اورینٹیشن کے پہلے روز طلبہ اور ان کے والدین کا استقبال، والدین کے لئے خصوصی سیشن، دستاویزات کی تکمیل اور رجسٹریشن کے مراحل مکمل کئے گئے۔

اس موقع پر سوسائٹیز مارچ اور نئے بیچ کی اجتماعی تصویر بھی پروگرام کا حصہ تھی جبکہ والدین کو نسٹ میں طلبہ کی تعلیمی و روزمرہ زندگی کو قریب سے جاننے کا موقع ملا۔پروگرام کے دوسرے مرحلے میں متعلقہ اسکولز میں طلبہ کے لئے تعلیمی اورینٹیشن کا اہتمام کیا گیا جبکہ نسٹ کے کلبز اور سوسائٹیز نے مختلف سرگرمیوں کے ذریعے نئے طلبہ کو جامعہ کی ہم نصابی معمولات سے روشناس کرایا۔

اس دوران نسٹ سمر سکول کی اختتامی تقریب اور نسٹ ڈرامیٹکس کلب کا ڈرامہ بھی پیش کیا گیا۔تین روزہ پروگرام کا اختتام ‘بزم نائٹ’ اور اختتامی تقریب کے ساتھ ہوا۔ اورینٹیشن 2026 کا مقصد نئے طلبہ کے لئے سکول سے یونیورسٹی کی زندگی میں منتقلی کو آسان بنانا اور انہیں نسٹ کے تعلیمی ماحول، نئے ساتھیوں اور کیمپس کی سرگرمیوں سے مانوس ہونے کا موقع فراہم کرنا تھا۔

 

مزید خبریں