پاکستان ہائی کمیشن لندن کے زیراہتمام یومِ دفاع و شہداء پاکستان کے موقع پر ایک پُروقار تقریب منعقد کی گئی۔ سابق چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل (ر) زبیر محمود حیات تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔پیر کو سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق تقریب میں برطانوی پارلیمنٹیرینز ، حکومت کے اعلیٰ حکام، سفراء، دفاعی اتاشیوں، میڈیا نمائندگان اور دیگر معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پاکستان ہائی کمیشن لندن کے زیراہتمام یومِ دفاع و شہداء پاکستان کے موقع پر پُروقار تقریب کا انعقاد

مزید خبریں
لندن ۔7ستمبر (اے پی پی):پاکستان ہائی کمیشن لندن کے زیراہتمام یومِ دفاع و شہداء پاکستان کے موقع پر ایک پُروقار تقریب منعقد کی گئی۔ سابق چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل (ر) زبیر محمود حیات تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔پیر کو سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق تقریب میں برطانوی پارلیمنٹیرینز ، حکومت کے اعلیٰ حکام، سفراء، دفاعی اتاشیوں، میڈیا نمائندگان اور دیگر معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے پاکستان کی مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران پوری دنیا نے پاکستان کی جرأت، صلاحیت اور کامیابی کا مشاہدہ کیا۔ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی رہنمائی اور پاکستانی عوام کی غیر متزلزل حمایت سے ایک مرتبہ پھر افواج نے ملک کے دفاع کے لیے اپنے عزم اور بھرپور صلاحیت کا عملی مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی نے نہ صرف ہماری عسکری تاریخ میں ایک اور شاندار باب کا اضافہ کیا بلکہ پوری قوم کے جذبے کو بھی نئی قوت بخشی۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ثالثی کی کوششیں، سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ، علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کے مظہر ہیں۔
ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے کہا کہ پاکستان علاقائی اور بین الاقوامی امن کے فروغ کے لیے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دفاعی اور سلامتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ اس موقع پر انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں کا سامنا کرنے والے کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ پوری قوم پاکستان کی افواج کے شانہ بشانہ متحد ہے اور ہر قسم کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے اور پاکستان کی خودمختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔تقریب میں شریک مہمانوں نے بھی پاکستان کی مسلح افواج کی لگن، پیشہ ورانہ مہارت اور خدمات کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا۔








