راولپنڈی کے پشاور روڈ ری ماڈلنگ منصوبے کے باقاعدہ آغاز کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے متبادل ٹریفک پلان جاری کرتے ہوئے دورانِ تعمیر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے تین شفٹوں میں 240 سے زائد ٹریفک اہلکار تعینات کر دیئے ہیں
پشاور روڈ ری ماڈلنگ منصوبے کا آغاز، متبادل ٹریفک پلان جاری، 240 سے زائد اہلکار تعینات

مزید خبریں
راولپنڈی۔7ستمبر (اے پی پی):راولپنڈی کے پشاور روڈ ری ماڈلنگ منصوبے کے باقاعدہ آغاز کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے متبادل ٹریفک پلان جاری کرتے ہوئے دورانِ تعمیر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے تین شفٹوں میں 240 سے زائد ٹریفک اہلکار تعینات کر دیئے ہیں۔ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق پشاور روڈ ری ماڈلنگ منصوبے کا باقاعدہ آغاز 8 ستمبر بروز منگل سے ہوگا، منصوبے پر کام کے دوران پشاور روڈ کے مختلف مقامات پر ٹریفک ڈائیورشن لگائی جائے گی جبکہ متبادل راستوں پر اضافی ٹریفک اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ صدر سے پشاور جانے والے شہری عابد مجید روڈ کے ذریعے شیر خان چوک کا استعمال کریں گے، جبکہ رینج روڈ سے صدر اور 22 نمبر جانے والی ٹریفک شیر خان چوک اور خٹک چوک کا راستہ اختیار کرے گی۔
اسی طرح پشاور سے صدر جانے والی ٹریفک کو دورانِ تعمیر آلہ آباد ٹرن، حالی روڈ اور رافع مال کے بالمقابل سروس روڈ کی جانب منتقل کیا جائے گا۔سی ٹی او راولپنڈی فرحان اسلم نے کہا کہ دورانِ تعمیر ٹریفک کی صورتحال کے حوالے سے شہریوں کو ایف ایم 88.6 اور سوشل میڈیا صفحات کے ذریعے مسلسل آگاہ کیا جائے گا۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ پشاور روڈ پر کام کے دوران متبادل راستوں کا انتخاب کریں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔ انہوں نے کہا کہ دورانِ تعمیر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا ٹریفک پولیس کی ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ شہریوں کے تعاون سے بھی مشروط ہے۔







