امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کی کمرشل طیارے بنانے والی کمپنی بمبارڈیئر کو امریکا میں اپنے طیارے فروخت کرنے سے روکنے کی دھمکی دے دی، جس سے امریکا اور کینیڈا کے درمیان تجارتی کشیدگی مزید بڑھ گئی۔
امریکی صدر کی کینیڈا کو امریکا میں بمبارڈیئر طیارے فروخت کرنے سے روکنے کی دھمکی

مزید خبریں
واشنگٹن۔8ستمبر (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کی کمرشل طیارے بنانے والی کمپنی بمبارڈیئر کو امریکا میں اپنے طیارے فروخت کرنے سے روکنے کی دھمکی دے دی، جس سے امریکا اور کینیڈا کے درمیان تجارتی کشیدگی مزید بڑھ گئی۔
شنہوا کے مطابق امریکی صدر نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں بمبارڈیئر کی مصنوعات کو کافی اچھی نہیں (not good enough”) قرار دیتے ہوئے کمپنی پر الزام عائد کیا کہ وہ امریکی صارفین، کمپنیوں، ہوائی اڈوں اور خدمات پر بہت زیادہ انحصار کرتی ہے۔ ان بمبارڈیئر طیاروں کی 50 فیصد سے زیادہ آمدنی امریکا سے حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کینیڈا پر امریکی بینکوں اور کمپنیوں، جن میں امریکی کاروباری طیارہ ساز کمپنی گلف سٹریم ایرو اسپیس بھی شامل ہے، کو کینیڈین مارکیٹ میں کام کرنے سے روکنے کا الزام بھی عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ ہماری مارکیٹ چاہتے ہیں تو انہیں یہاں (امریکا میں)بنانا ہوگا۔
امریکی صدر نے شہریوں پر بھی زور دیا کہ وہ امریکا میں بنی مصنوعات خریدیں، امریکی ایئرلائنز سے سفر کریں اور امریکی ساختہ الکحل اور دیگر مصنوعات استعمال کریں۔ امریکی صدر کا بیان رواں سال بمبارڈیئر اور کینیڈین طیاروں کو نشانہ بنانے کی دوسری بڑی دھمکی ہے۔ 29 جنوری کو امریکی صدر نے کہا تھا کہ امریکا بمبارڈیئر کے گلوبل ایکسپریس جیٹس اور دیگر کینیڈین ساختہ طیاروں کی تصدیق منسوخ کر رہا ہے۔ انہوں نے یہ دھمکی بھی دی تھی کہ اگر کینیڈا نے گلف سٹریم کے کئی کاروباری طیاروں کی تصدیق نہ کی تو امریکا میں فروخت ہونے والے طیاروں پر 50 فیصد ٹیرف عائد کر دیا جائے گا۔








