آسٹریلیا کا سوشل میڈیا الگورتھمز سے دستبرداری کے قوانین کا اعلان

آسٹریلیا نے سوشل میڈیا الگورتھمز سے دستبرداری کے قوانین کا اعلان کر دیا ۔

کینبرا۔8ستمبر (اے پی پی):آسٹریلیا نے سوشل میڈیا الگورتھمز سے دستبرداری کے قوانین کا اعلان کر دیا ۔

شنہوا کے مطابق وزیرِاعظم انتھونی البانیز نے پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے منگل کو اعلان کیاکہ آسٹریلوی صارفین مجوزہ قوانین کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مواد دکھانے والے الگورتھمز سے دستبردار ہونے کا اختیار حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ڈیوٹی آف کیئر قوانین کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو صارفین کو یہ انتخاب دینا ہوگا کہ وہ الگورتھم سے دستبردار ہو جائیں اور صرف ان اکائونٹس کا مواد دیکھیں جنہیں وہ خود فالو کرتے ہیں۔وزیرِاعظم انتھونی البانیز اور وزیرِ مواصلات انیکا ویلز نے کہا کہ مجوزہ قوانین کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو 18 سال سے کم عمر صارفین کو نقصان دہ مواد سے محفوظ رکھنا ہوگا، جس میں کھانے پینے کی خرابیوں (Eating Disorders) کو فروغ دینے والا مواد، خواتین سے نفرت پر مبنی مواد اور جرائم کو قابلِ فخر یا قابلِ تقلید ظاہر کرنے والا مواد شامل ہے۔ نئے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے پلیٹ فارمز کو100 ملین آسٹریلوی ڈالر (تقریباً 72.1 ملین امریکی ڈالر) تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ لوگوں کو اختیار دینے کے بارے میں ہے۔ یہ آن لائن آسٹریلوی شہریوں کے ہاتھ میں دوبارہ انتخاب کا اختیار دینے کے بارے میں ہے۔ وزیرِ مواصلات انیکا ویلز نے نئے قوانین کو ٹیکنالوجی کمپنیوں سے اپنے پلیٹ فارمز کے باعث پیدا ہونے والے نقصانات کی ذمہ داری قبول کروانے کی جانب ایک اہم اگلا قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بہت عرصے سے ٹیکنالوجی کمپنیاں آسٹریلوی شہریوں پر حقیقی وقت میں بغیر کسی ضابطے کے اپنی مصنوعات کی ٹیسٹنگ کرتی رہی ہیں اور ان کے پلیٹ فارمز اور ٹولز ہماری روزمرہ زندگی میں اس طرح شامل ہو گئے ہیں جس کا ہم کبھی تصور بھی نہیں کر سکتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے احتساب کا عالمی عمل شروع ہونے والا ہے۔ یہ اعلان اس اقدام کے بعد سامنے آیا ہے جس کے تحت وزیرِاعظم انتھونی البانیز کی حکومت نے 2024 میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا پر پابندی کا قانون منظور کیا تھا۔ یہ پابندی دسمبر 2025 میں نافذ ہوئی۔ وزیرِاعظم انتھونی البانیز نے اور وزیرِ مواصلات انیکا ویلز نے جون میں کہا تھا کہ کم از کم عمر سے متعلق قانون کی خلاف ورزی پر زیادہ سے زیادہ جرمانہ 99 ملین آسٹریلوی ڈالر تک دوگنا کیا جائے گا۔