کار حادثے میں شدید سرکی چوٹ کے باعث تارا ڈیوس ووڈ ہال نے سیزن کو خیر باد کہہ دیا

اولمپک لانگ جمپ چیمپئن تارا ڈیوس وڈہال نے کار حادثے میں شدید نوعیت کے سر کی چوٹ کا شکار ہونے کے بعد 2026 کا سیزن ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واشنگٹن ۔8ستمبر (اے پی پی):اولمپک لانگ جمپ چیمپئن تارا ڈیوس وڈہال نے کار حادثے میں شدید نوعیت کے سر کی چوٹ کا شکار ہونے کے بعد 2026 کا سیزن ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بی بی سی کے مطابق 27 سالہ امریکی ایتھلیٹ،اولمپک لانگ جمپ چیمپئن تارا ڈیوس وڈہال اس فیصلے کے باعث رواں ہفتے ہنگری میں ہونے والی ورلڈ ایتھلیٹکس الٹی میٹ چیمپئن شپ میں حصہ نہیں لے سکیں گی۔ڈیوس وڈہال اگست میں ٹریننگ کے لیے جاتے ہوئے ایک خوفناک کار حادثے کا شکار ہوئی تھیں۔ انہوں نے بعد میں بتایا تھا کہ ان کی چوٹیں جان لیوا نہیں تھیں، تاہم حادثے میں دونوں گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھیں۔ حادثے کے وقت دونوں گاڑیوں کی رفتار تقریباً 20 میل فی گھنٹہ تھی۔

تارا ڈیوس وڈہال نے 2024 پیرس اولمپکس میں لانگ جمپ کا طلائی تمغہ جیتا تھا، جبکہ ایک سال بعد ٹوکیو میں ہونے والی عالمی چیمپئن شپ میں بھی وہ سرفہرست رہیں۔ورلڈ ایتھلیٹکس الٹی میٹ چیمپئن شپ 11 ستمبر سے ہنگری میں شروع ہوگی، جس میں اولمپک، عالمی اور ڈائمنڈ لیگ چیمپئنز سمیت رواں سال کی نمایاں کارکردگی دکھانے والے ایتھلیٹس شرکت کریں گے۔ 3 روزہ ایونٹ کی فاتح انعامی رقم 111،000 پاؤنڈ ہے۔